
برسبین(جسارت نیوز) آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو اننگز اور 5 رنز سے شکست دے کر 2 میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 335 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، بابر اعظم نے 104 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، محمد رضوان 95 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جوش ہیزلووڈ نے 4 اور مچل اسٹارک نے 3 وکٹیں حاصل کیں، مارنس لابوشین کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ اتوار کو ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 64 رنز 3 کھلاڑی آئوٹ پر شروع کی تو شان مسعود 27 اور بابر اعظم 20 رنز پر ناٹ آئوٹ تھے، دونوں نے محتاط انداز اپنایا مگر 93 کے مجموعی ا سکور پر شان مسعود پیٹ کمنز کی گیند پر ٹم پائن کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، انہوں نے 42 رنز بنائے، اگلے ہی اوور میں جوش ہیزلووڈ نے افتخار احمد کو صفر پر آئوٹ کرکے پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کر دیا، اس موقع پر بابر اعظم اور محمد رضوان نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 132 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا اسکور 226 تک پہنچا دیا، بابر اعظم نے دوسری ٹیسٹ سنچری مکمل کی اور 104 رنز بناکر نیتھن لائن کو وکٹ دے بیٹھے، محمد رضوان نے 95 رنز بنائے، بدقسمتی سے 5 رنز کے فرق سے پہلی سنچری نہ بنا سکے، انہیں بھی جوش ہیزلووڈ نے آئوٹ کیا، یاسر شاہ 42 ، شاہین شاہ 10 اور عمران خان 5 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے، اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم 355 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، جوش ہیزلووڈ نے 4 ، مچل اسٹارک نے 3 اور پیٹ کمنز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
