سندھ میں پابندی کے بعد کسی بھی قسم کے ممنوعہ پلاسٹک بیگز تیار نہیں کئے جارہے ہیں، راشد محمود
بلوچستان اور پنجاب کے راستے ممنوعہ پلاسٹک بیگز کی سندھ میں آمد روکنے کے حوالے سے اجلاس میں تبادلہ خیال
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ کے راستے ایرانی ساخت کے ماحول دشمن پلاسٹک بیگز کی سندھ میں ترسیل اور پنجاب سے سندھ میں ممنوعہ پلاسٹک بیگز کی صوبے میں آمد کی روک تھام کے لیے محکمہ ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی حکومت سندھ کے دفتر میں ایک جائزہ اجلاس ہوا جس کی صدارت محکمے کے سیکرٹری خان محمد مہر نے کی۔ سیکرٹری ماحولیات نے کہاکہ سندھ میں ناقابل تلافی اور تیس مائیکرون سے پتلے پلاسٹک بیگز پر لگائی گئی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے اور مذکورہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے۔ اجلاس میں پلاسٹک مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے نمائندے راشد محمود نے بتایا کہ سندھ میں کسی بھی قسم کے ممنوعہ پلاسٹک بیگز کی مینوفیکچرنگ نہیں ہورہی ہے جبکہ دکانوں و مارکیٹوں میں جو ممنوعہ پلاسٹک بیگز دکھائی دے رہے ہیں قوی امکان ہے کہ وہ براستہ کوئٹہ پڑوسی ملک ایران سے آرہے ہوں کیونکہ ایران میں وہ پلاسٹک بیگز جو سندھ میں ممنوعہ ہیں کافی سستے داموں ملتے ہیں، سیکرٹری ماحولیات کو یہ بھی بتایا گیا کہ براستہ روڈ پنجاب سے بھی سندھ میں ممنوعہ پلاسٹک بیگز کی آمد کی اطلاعات ہیں۔

