کراچی (اسٹاف رپورٹر)شالیمار کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں3 روزہ میچ میں ناردرن انڈر 16 ٹیم نے دوسری اننگز میں سنٹرل پنجاب انڈر 16 ٹیم کے خلاف 113 رنز کی برتری حاصل کرلی ۔ 53 رنزکی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی ناردرن انڈر 16 ٹیم نے کھیل کے دوسرے روز کے اختتام پر4وکٹوں کے نقصان پر 60 رنزبنالیے ۔ راجہ حمزہ وحید اور حسیب عمران ناردرن انڈر 16 ٹیم کی جانب سے کھیل کے آخری روز کا آغاز کریں گے۔ ا س سے قبل سنٹرل پنجاب انڈر 16 ٹیم نے4وکٹوں کے نقصان پر26 رنز سے کھیل کے دوسرے روز کا آغاز کیا تو اوپنر اذان اویس کے علاوہ کوئی بلے باز بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور پوری ٹیم 198 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ اوپنر نے 60 رنز کی اننگز کھیلی۔ ناردرن انڈر 16 ٹیم کے اسپنر حسنین صابر نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔دوسری جانب اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں میچ میں خیبرپختونخواانڈر 16 ٹیم کی پوزیشن مستحکم ہے۔دوسرے روز کھیل کے اختتام پر خیبرپختونخوا انڈر 16 ٹیم نے سدرن پنجاب انڈر 16 ٹیم کے خلاف 212 رنز کی سبقت حاصل کرلی اور اس کی 8وکٹیں باقی ہیں۔ عباس علی 63 اور حسیب خان 47 کے انفراد ی اسکور سے کھیل کے آخری روز کا آغا ز کریں گے۔ 10 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی خیبرپختونخوا انڈر 16 ٹیم نے دن کے اختتام پر 2وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنالیے۔ اس سے قبل 4وکٹوں کے نقصان پر 83 رنز سے کھیل کے دوسرے روز کا آغاز کرنے والی سدرن پنجاب انڈر 16ٹیم پہلی اننگز میں151 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ محمد شہزاد 67 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ خیبرپختونخوا انڈر 16 ٹیم کے اسپنرز محمد طاہر اور محمد عرفان نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔
