ناظم آباد کی رہائشی 26 سالہ مریم نجی اسپتال میں زیر علاج تھی، مرنے والوں کی تعداد 40 ہوگئی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں بے قابو وبا ڈینگی نے ایک اور خاتون کی جان لے لی، نجی اسپتال میں زیر علاج 26 سالہ مریم دوران علاج دم توڑ گئی۔ تفصیلات کے مطابق ڈینگی بخار میں نجی اسپتال میں زیر علاج کراچی کے علاقے ناظم آباد کی رہائشی 26 سالہ مریم دوران علاج دم توڑ گئی جس کے بعد روا ںسال ڈینگی وائرس کے باعث مرنے والوں کی تعداد 40 ہوگئی، سندھ ڈینگی کنٹرول پروگرام کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سندھ بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس سے 129 افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 107 کا تعلق کراچی سے ہے۔ رواں ماہ سندھ بھر سے ڈینگی وائرس کے 5 ہزار 389 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 4 ہزار 928 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع سے رواں ماہ ڈینگی کے 461 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ جبکہ رواں سال کراچی سے اب تک ڈینگی وائرس کے 13 ہزار 904 کیس رپورٹ ہوئے ہیں سندھ کے دیگر اضلاع سے ڈینگی کے ایک ہزار 39 کیس رپورٹ ہوئے ہیں، کراچی میں ڈینگی وائرس کی پھیلتی وباء پر قابو پانے کے لیے حکومت، محکمے اور ادارے کسی بھی قسم کے اقدامات سے گریزاں ہیں۔

