کراچی (سید وزیر علی قادری) پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کے تحت پریمیئر کرکٹ ٹورنامنٹ، قائداعظم ٹرافی کا آغاز 14 ستمبر سے ہوا۔ ایونٹ میں اب تک 9 راؤنڈز میں27 میچز کھیلے جاچکے ہیں۔ کل سے شروع ہونے والا قائداعظم ٹرافی کا 10واں راؤنڈ اہمیت اختیار کرچکا ہے۔ ایونٹ کی 2 ٹاپ ٹیموں کا تعین بھی آخری راؤنڈ کے میچز کے بعد ہی ممکن ہوگا۔ قائداعظم ٹرافی کا فائنل 27 سے 31 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ایک ٹیم میچ میں زیادہ سے زیادہ 24 (جیت 16، بیٹنگ 5 اور بولنگ 3) پوائنٹس حاصل کرسکتی ہے جبکہ پوائنٹس ٹیبل پر اب تک پہلی پوزیشن پر براجمان سنٹرل پنجاب اور چوتھی پوزیشن پر موجودسدرن پنجاب کے درمیان اس وقت صرف 18 پوائنٹس کا فرق باقی ہے۔دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کی ٹیمیں 6 ٹیموں پر مشتمل ایونٹ میں 5ویںپوزیشن حاصل کرنے کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر موجود سنٹرل پنجاب اور چوتھے نمبر پر موجود سدرن پنجاب کے درمیان آخری راؤنڈ کا میچ اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ آخری راؤنڈ میں شکست کا سامنا کرنے والی سنٹرل پنجاب کی ٹیم کے پوائنٹس کی تعداد 120 جبکہ سدرن پنجاب کی 102 ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کی لائیو اسکورنگ پی سی بی کی آفیشل ویب سائٹ پر کی جائے گی۔119 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود خیبرپختونخوا کی ٹیم 10وں راؤنڈ میں ناردرن کے مدمقابل آئے گی۔ 106 پوائنٹس کے ساتھ ناردرن کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلا جائے گا۔ یہ اہم میچ پی سی بی کے یوٹیوب چینل سے لائیو اسٹریم کیا جائے گا۔پوائنٹس ٹیبل پر پہلی 4 ٹیموں کے پوائنٹس کو پیش نظر رکھا جائے تو یہ اندازہ لگانا غلط نہیں کہ ایونٹ کے آخری راؤنڈ میں 4 ٹیمیں فائنل میں جگہ بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گی۔ لہٰذا کراچی میں موجود کرکٹ کے شائقین کے لیے آئندہ ہفتہ سنسنی سے بھرپور ہوگا۔ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 10 ملین روپے کی انعامی رقم ملے گی۔سنٹرل پنجاب بمقابلہ سدرن پنجاب:آخری 4 راؤنڈز میں سنٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کی ٹیمیں 42،42 پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔دونوں ٹیمیں اس سے قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ایک دوسرے کے مدمقابل آچکی ہیں۔ سنٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کے درمیان کھیلا گیا پہلے راؤنڈ کا میچ ڈرا ہوگیا تھا۔ ہائی اسکورنگ میچ میں سدرن پنجاب نے پہلی اننگز میں 467 جبکہ دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 107 رنزبنائے تھے۔ سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے میچ کی ایک اننگز میں 473 رنز اسکور کیے تھے۔ اس میچ میں دونوں ٹیموں نے 11پوائنٹس حاصل کیے۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں 243 رنز کی اننگز کھیلنے والے سدرن پنجاب کے اوپنر سمیع اسلم 9میچوں میں 861 رنز بناکر تاحال ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں۔ آخری میچ میں 113 رنز اسکور کرنے والے سدرن پنجاب کے وکٹ کیپر بیٹسمین عدنان اکمل بھی ایونٹ میں 554 رنزبناچکے ہیں۔ دوسری جانب سنٹرل پنجاب کے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل 750 اور سلمان بٹ ایونٹ میں اب تک 662 رنزبناچکے ۔ بہترین بولر کی فہرست میں سنٹرل پنجاب کے اسپنر ظفر گوہر 36وکٹیں حاصل کرکے دوسرے نمبرپرہیں۔ بلال آصف ایونٹ میں 27وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ سدرن پنجاب کے اسپنر محمد عرفان 22 اور فاسٹ بولر راحت علی 17وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ ہیڈ کوچ سنٹرل پنجاباعجاز جونیئر کا کہنا ہے کہ گذشتہ میچ میں ٹیم اچھا کھیل پیش نہیں کرسکی تاہم سنٹرل پنجاب کی بیٹنگ لائن اپ مضبوط ہے۔اعجاز جونیئر نے کہا کہ ٹیم کو فائنل میں رسائی حاصل کرنے کے لیے آخری میچ میں چند پوائنٹس درکار ہیں جو بولنگ اور بیٹنگ میں ہی حاصل کیے جاسکتے ہیں تاہم وہ مثبت کرکٹ کھیلنے کو ترجیح دیتے ہوئے میچ میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سیکنڈ الیون میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کرنے والے بیٹسمین عبداللہ شفیق اور بولر احمد صفی عبداللہ کو اہم میچ کے لیے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ ہیڈ کوچ سدرن پنجاب عبدالرحمٰن کا کہنا ہے کہ سدرن پنجاب کی ٹیم فی الحال پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر موجود ہے تاہم وہ سنٹرل پنجاب کے خلاف آخری راؤنڈ میچ میں بھار ی مارجن سے کامیابی حاصل کرکے ا یونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ہیڈ کوچ کا کہنا ہے کہ ٹیم کے بلے بازعمدہ فارم میں ہیں تاہم بولنگ میں موجود خامیوں پر قابو پالیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل پنجاب کے خلاف میچ میں کامیابی کے ساتھ ساتھ میچ میں زیادہ سے زیادہ بولنگ پوائنٹس حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کررکھی ہے۔خیال رہے کہ خیبرپختونخوا بمقابلہ ناردرن دونوں ٹیمیں اس سے قبل ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں ا یک دوسرے کے مدمقابل آچکی ہیں۔ ایبٹ آباد میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن کی ٹیم پہلی اننگز میں فالو آن کا شکار ہونے کے باوجود میچ کو ڈرا کرنے میں کامیاب ہوگئی تھی۔میچ میں خیبرپختونخوا نے محمد رضوان اور اشفاق احمد کی سنچریوں کی بدولت 9 وکٹوں کے نقصان ہونے پر بھی ٹیم پہلی اننگز میں فالو آن کا شکار ہونے کے باوجود میچ کو ڈرا کرنے میں کامیاب ہوگئی تھی۔میچ میں خیبرپختونخوا نے محمد رضوان اور اشفاق احمد کی سنچریوں کی بدولت 9 وکٹوں کے نقصان پر 526رنز بناکر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔ جواب میں ناردرن کی ٹیم پہلی اننگز میں262 رنزبناکر آؤٹ ہوگئی تھی تاہم دوسری اننگز میں آصف علی اور محمد نواز کی سنچریوں کی بدولت ناردرن نے 6وکٹوں کے نقصان پر 433 رنزبناکر میچ ڈرا کردیا تھا۔آخری چار راؤنڈز میں خیبرپختونخوا کی ٹیم نے 66اورناردرن نے 62 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ خیبرپختونخوا کی امیدوں کا مرکز مڈل آرڈر بیٹسمین اشفاق احمد ہیں جو اب تک 4 سنچریوں اور 3 نصف سنچریو ں کی بدولت 766 رنز بناچکے ہیں۔ 4 نصف سنچریاں اسکور کرنے والے صاحبزادہ فرحان بھی ایونٹ میں اب تک 548 رنزبناچکے ہیں۔ناردرن کی جانب سے فیضان ریاض نے اب تک سب سیزیادہ رنز بنائے ہیں۔ 2سنچریاں اور 2نصف سنچریاں بنانے والے فیضان ریاض اب تک ایونٹ میں 634 رنزبناچکے ہیں۔ ذیشان اشرف بھی ایونٹ میں ایک سنچری اور 4 نصف سنچریاں بناکر 613 رنز اسکور کرچکے ہیں۔ بولنگ میں ناردرن کے کپتان نعمان علی 46وکٹیں حاصل کرکے اب تک ایونٹ کے لیڈنگ وکٹ ٹیکر ہیں۔ خیبرپختونخوا کے ساجد خان 19 اور جنید خان 14وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔کبیر خان، ہیڈ کوچ خیبرپختونخوا:کبیر خان کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کی ٹیم میں شامل تمام کھلاڑی مثبت کھیل کا مظاہرہ کررہے ہیں، اسی وجہ سے ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر براجمان ہے۔کبیر خان نے کہا کہ آئندہ میچ ڈرا کرنے کی صورت میں بھی خیبرپختونخوا کی ٹیم فائنل میں رسائی حاصل کرلے گی تاہم وہ مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اتریں گے اوران کاہدف محض میچ جیتنا ہوگا۔ہیڈ کوچ ناردرن:محمد وسیم کا کہنا ہے کہ قائداعظم ٹرافی دلچسپ مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔ فی الحال پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ 4 ٹیمیں فائنل میں رسائی حاصل کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناردرن کی ٹیم خیبرپختونخوا کے خلاف میچ میں کامیابی حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔محمد وسیم کا کہنا ہے کہ نعمان علی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں تاہم فاسٹ بولرز کو نئے گیند سے بہتر کھیل پیش کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بیٹسمین عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، کوشش ہے ٹیم آخری راؤنڈ میچ میں کامیابی کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ بونس پوائنٹس حاصل کرسکیں۔سندھ بمقابلہ بلوچستان اس سے قبل دونوں ٹیمیں ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں ایک وسرے کے مدمقابل آچکی ہیں۔دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ڈرا ہوگیا تھا۔ سندھ نے میچ میں 5وکٹوں کے نقصان پر 473 رنزبنا کر پہلی اننگز ڈکلیئر کردی تھی جواب میں بلوچستان نے وکٹوں کے نقصان پر 355 رنزبنائے تھے۔دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اب تک کوئی بھی میچ نہیں جیت سکیں تاہم بلوچستان کو 3 اور سندھ کوایونٹ کے 2میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔میچ کی خاص بات بلوچستان کے بلے باز عمران بٹ کی بیٹنگ ہوگی۔ 23 سالہ بیٹسمین اب تک ایونٹ میں 830 رنزبناچکے ہیں۔ دوسری جانب ایونٹ میں سب سیزیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں 5 ویں نمبر پر موجود فواد عالم 3سنچریوں اور 2 نصف سنچریوں کی بدولت ایونٹ میں اب تک 665رنزبناچکے ہیں۔ بولنگ میں بلوچستان کے اسپنر محمد اصغرایونٹ میں ا ب تک26جبکہ سندھ کے تابش خان 25وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ شیڈول کے مطابق راؤنڈ10 میں ل پنجاب بمقابلہ سدرن پنجاب بمقام اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم کراچی،خیبرپختونخوا مقابلہ ناردرن بمقام یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی،سندھ بمقابلہ بلوچستان بمقام نیشنل اسٹیڈیم کراچی منعقد ہونگے۔
