کراچی سمیت تمام اسٹیشنز پر ریٹائرمنٹ کے قریب پہنچنے والے 220 ملازمین کو جبری چھٹیوں پر بھیجنے کے پروانے تیار کرلئے
پی ٹی وی کراچی سینٹر کے 17 ملازمین سمیت سیلز آفس کے 6 اور اندرون سندھ بوسٹر پر تعینات دو ملازمین کو جبری چھٹی پر بھیج دیا گیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹیلی ویژن کی انتظامیہ نے بھی اپنے ملازمین پر برطرفی کی تلوار چلا دی، بڑے پیمانے پر ملازمین کی جبری برطرفیوں کا فیصلہ کیا ہے جس پر مرحلہ وار عملدرآمد کیا جارہا ہے۔ پی ٹی وی انتظامیہ نے ملک بھر کے اسٹیشنز سے ریٹائرمنٹ کے قریب پہنچنے والے 220 سے زائد ملازمین کو جبری چھٹیوں پر بھیجنے کے پروانے تیار کر لیے ہیں، پی ٹی وی کراچی اسٹیشن میں 17، سینٹرل سیلز آفس میں 6 اور اندرون سندھ کے بوسٹر پر تعینات 2 ملازمین کو جبری طور پر چھٹیوں پر بھیج دیا گیا، کسی بڑے ردعمل سے بچنے کے لیے انتظامیہ ملازمین کو مرحلہ وار جبری رخصت پر بھیج رہی ہے۔ دوسری جانب آل پاکستان ٹیلی ویژن ملازمین یونین نے انتظامیہ کے اس اقدام کو اعلیٰ عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس ضمن میں ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی وی کراچی اسٹیشن میں 17، سینٹرل سیلز آفس میں 6 اور اندرون سندھ کے بوسٹر پر تعینات 2 ملازمین کو برطرفیوں کے پروانے موصول ہو چکے ہیں جن میں کراچی آفس کے جنرل منیجر عطا مری، چیف میک اپ آرٹسٹ شاکر احمد، چیف کیمرہ مین اور نچلے درجے کے ملازمین شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق جن افراد کو فارغ کیا گیا ہے ان کی مدت ملازمت چند ماہ سے دو سال رہ گئی تھی اور پی ٹی وی کی نئی انتظامیہ نے ریٹائرمنٹ کے قریب ملازمین کو جبری چھٹیوں پر بھیجنا شروع کر دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ انتظامیہ نے ان ملازمین کو ہدف بنایا ہے جن کی سرکاری مدت ملازمت پوری ہونے کے قریب ہے انہیں ایل پی آر کے نام پر جبری رخصت پر بھیجا جارہا ہے جس کا مقصد ملازمین کو دوران سروس بچ جانے والی چھٹی کے بدلے ملنے والے معاوضے سے محروم رکھنا ہے۔

