میانوالی/ لاہور/ اسلام آباد/ فیصل آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/ خبر ایجنسیاں) میانوالی کے قریب گاڑی نہر میں گرنے سے 7 افراد ڈوب گئے، واقعے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اظہار افسوس کرتے ہوئے ریسکیو آپریشن تیز کرنے اور تمام وسائل استعمال کرنے کی ہدیات کی ہے، تلہ گنگ میں مسافر بس اور ٹرالر کے درمیان تصادمِ سے 4افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے، گوجرہ بائی پاس پر مسافرکوچ کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 2 بھائی جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابقمیانوالی کے نواحی علاقے پپلاں کے قریب تیز رفتار گاڑی بے قابو ہوکر مین لوئر برانچ نہر میں جاگری، جس سے گاڑی میں سوار 7 افراد ڈوب گئے۔ ریسکیو حکام نے، نہر سے 4 لاشیں نکال لی ہیں جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔ ڈوبنے والے افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، جن میں 2 مرد، 2 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔ علاوہ ازیں چکوال روڈ پر تلہ گنگ کے علاقے میں مسافر بس تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہو کر ٹرالر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر دم توڑ گئے اور 10 شدید زخمی ہوگئے۔ مسافر بس تلہ گنگ سے فصیل آباد جارہی تھی۔ علاوہ ازیں تھانہ صدر سمندری کے علاقے گوجرہ بائی پاس پر فیصل آباد سے ملتان جانے والی مسافر کوچ کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 2 بھائی جاںبحق ہوگئے۔ ہلاکت کی اطلاع ملنے پر صدمے والدین بے ہوش ہوگئے اور گھر میںکہرام برپا ہوگیا۔
