اسلام آباد (آن لائن) ایف بی آر نے بڑے سیکٹرز کی مصنوعات کے لیے ٹریک اینڈ ٹریس نظام لا نے کا فیصلہ کر لیا۔ فیڈرل بورڈ آف ریوینو نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ریونیو کے خسارہ کے تدارک کے لیے ’’پیداوار اور فروخت کے اعدادو شمار کو کم ظاہر کرنے کی وجہ سے‘‘ اور مخصوص اشیا ء و مصنوعات پر لاگو فیڈرل ایکسائزڈیوٹی و سیلز ٹیکس کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے ایف بی آر نے مخصوص مصنوعات جیسا کہ سیمنٹ، چینی، کھاد اور مشروبات کی درآمدات اور اسکی پیداوار کو جانچنے کے لیے الیکٹرونک ٹریک اینڈ ٹریس نظام کو رائج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریوینو کے پروجیکٹ دفتر نے
توثیق کی ہے کہ مصنوعات کی الیکٹرونک مانیٹرنگ و فروخت اور 4 بڑے سیکٹرز کی مصنوعات چینی،سیمنٹ،کھاد اور مشروبات کے ٹریک اینڈ ٹریس نظام کے حوالے سے جاری ہونے والے لائسنس کے لیے بولی لگانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ لائسنسگ کے لیے ہدایات اور متعلقہ دستاویزات جنوری 2020ء میں تمام بڑے سیکٹر ز اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد شائع کر دی جائیں گی، بہترین فیصلہ سازی کے لیے ایف بی آر تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے ان کی آراء حاصل کرنے کے لیے مختلف اجلاس کا انعقاد کرے گا۔ اس سلسلے میں پہلی میٹنگ 2 دسمبر کو سیمنٹ مینوفیکچرز سے ہوئی، کھاد مینوفیکچرز سے دوسری میٹنگ 5 دسمبر کو منعقد ہوئی اور تیسری میٹنگ 12 دسمبر کو کی جائے گی۔
