English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کیلئے کمنتری پینل اور براڈ کاسٹ پلان تیار

القمر

کراچی (سید وزیر علی قادری) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میچ کے کامیاب انعقاد کے لیے کمنٹری پینل اور براڈ کاسٹ پلان کا اعلان کردیا ۔ کل سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریزکی براڈ کاسٹ کوریج ٹین اسپورٹس کے اشتراک سے ممکن ہوگی۔23 مختلف ایچ ڈی کیمروں کی مدد سے تیار پروڈکشن کھیل کے مداحوں کو ٹی وی اسکرین سے جوڑے رکھے گی۔ جن میں دو سپر سلو اسپن ویژن کیمراز سمیت ایک الٹر ہائی اسپیڈ کیمرہ بھی شامل ہے۔ سیریز کے دوران اسٹمپ کیمراز اور ہاک آئی بال ٹرینکنگ سمیت جدید پروڈکشن کا یہ نظام امپائرز کو ڈی آر ایس کے فیصلوں میں بھی معاونت فراہم کریگا۔ دن کے آغاز سے قبل اور اختتام پر اسٹریٹ ڈرائیو شو کے ذریعے دن کے کھیل پر تجزیہ کیا جائے گا۔ستاروں سے بھری کہکشاں سیریز کے دوران کمنٹری کے فرائض انجام دے گی۔ سابق قومی کرکٹر رمیز راجہ،رسل آرنلڈ، روشان ابے سنگھے،ڈینی موریسن اور بازید خان بطور کمنٹیٹر سیریز کے دوران میدان میں ہر لمحہ بدلتی صورتحال پر تبصرہ کریں گے۔آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کو دنیا کے مداحوں تک پہنچانے کے لیے انتہائی پیشہ ور اسٹاف بھی براڈ کاسٹ کریو میں شامل ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کل سے 15دسمبر پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی جبکہ دوسرا 19 سے 23 دسمبر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ وہ10 سال بعد ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر بہت پرجوش ہیں، خوشی ہے کہ قومی کھلاڑیوں کو ایک دہائی کے بعد اپنے ملک میں ٹیسٹ کرکٹ میچ کھیلنے کا موقع مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ ہی کھیل کی پہچان ہے مگر بدقسمتی سے طویل فارمیٹ کی کرکٹ کی پاکستان واپسی میں بھی ایک طویل عرصہ لگا۔ رمیز راجہ نے کہا کہ جو گذر گیا وہ ماضی ہوگیا اور اب ہم ایک نئی شروعات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کبھی نہیں سوچا تھا 10 قبل پیش آنیوالے واقعہ کی پاکستان کو اس قدر بھاری قیمت اٹھانا پڑیگی۔رمیز راجہ نے کہا کہ یہ لمحات ان کے لیے ایسے ہی ہیں جیسے وہ ایک مرتبہ پھر پیڈ پہن کر میدان میں اترنے والے ہیں۔ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر مسرور سابق کرکٹر بازید خان کاکہنا ہے کہ یقین نہیں آرہا کہ 20منٹ کی ڈرائیو پر ٹیسٹ میچ کھیلا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوشی اس بات کی ہے کہ میچ کھیلنے والی ٹیم سری لنکا ہے۔بازید خان نے کہا کہ امپائرز کی جانب سے ایک مرتبہ پھر پلے کی پکار کا انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کے لیے جشن منانے کا وقت ہے۔سابق سری لنکن کرکٹ رسل آرنلڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان کا شمار میرے پسندیدہ ممالک میں ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ سے محبت کرنے والی عوام بستی ہے، یہاں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر وہ بہت پرجوش ہیں۔پلان کے مطابق دنیا کے شائقین کرکٹ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھ سکیں گے۔ راولپنڈی اور کراچی میں شیڈول 2 ٹیسٹ میچز کوایشیاء ، مڈل ایسٹ اور یوکے میں سونی اور ٹین چینلز جبکہ آسٹریلیا میں فوکس اسپورٹس نشر کرے گا۔ کینیڈا میں ڈی اے زی این ، کیریبین میں ٹین کرکٹ اور سب سہاران افریقا میں سپر اسپورٹس پر براہ راست میچز دیکھے جاسکیں گے۔ شائقین کرکٹ ملائیشیا میں آسٹرو، شمالی امریکا میں وِلوجبکہ پاکستان میں ٹین اسپورٹس اور پی ٹی وی پر میچز دیکھ سکیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے