واشنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا نے جعلی انکاؤنٹرز کے لیے بدنام سابق پاکستانی پولیس افسرراؤ انوار سمیت 18افراد پر پابندیاں عاید کر دیں۔امریکی محکمہ خزانہ سے جاری بیان کے مطابق راؤ انوار، سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر کے طور پر متعدد جعلی پولیس انکاؤنٹرز کا ذمے دار ہے جن میں کئی افراد ہلاک ہوئے۔بیان میں کہا گیا کہ راؤ انوار 190 سے زائد پولیس انکاؤنٹرز میں ملوث رہا جن میں 400 سے زائد اموات ہوئیں، جن میں نقیب اللہ محسود کا قتل بھی شامل ہے۔امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق راؤ انوار نے پولیس اور مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے ٹھگوں کے نیٹ ورک کی مدد کی جو مبینہ طور پر بھتہ خوری، زمینوں پر قبضے، منشیات کی فروخت اور قتل کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ بیان میں کہا گیا کہ راؤ انوار پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے پر پابندیاں عاید کی جارہی ہیں۔امریکی محکمہ خزانہ نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث دیگر ممالک میانمار، لیبیا، سلواکیہ، جنوبی سوڈان، کانگو اور روس کے متعدد افراد پر بھی اقتصادی پابندیاں عاید کی ہیں جبکہ 2افراد پر امریکا میں داخل ہونے کی پابندی عاید کی گئی جن میں استنبول میں سابق سعودی قونصل جنرل بھی شامل ہیں۔محمد العْطیبی پر سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں مبینہ طور پر کردار ادا کرنے پر پابندی عاید کی گئی۔پابندیوں کی زد میں آنے والے افراد کی امریکا میں جائداد منجمد ہوجائے گی جبکہ امریکی شہریوں پر ان فراد کے ساتھ لین دین پر پابندی ہوگی۔
