اسٹاک ہوم (انٹرنیشنل ڈیسک) حال ہی میں نوبیل انعام کا اعزاز پانے والے سوئزرلینڈ کے ماہر فلکی طبیعات ڈاکٹر ڈیڈیئر کولیز نے کہا ہے کہ انسانیت کو دیگر سیارے بسانے سے قبل پہلے اپنے گھر یعنی زمین کی فکرکرنی چاہیے۔ اسٹاک ہوم میں ایک کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں اس طرح تخلیق نہیں کیا گیا کہ ہم دوسرے سیاروں پر جی سکیں اور یہی بہتر ہے کہ ہم اپنا وقت اور توانائی اسے (کرہِ ارض) کو درست کرنے میں صرف کریں۔ انہوں نے کہا کہ ستارے اور سیارے بہت دور ہیں، اسی بنا پر بہت جلد ہی زمین کو خیرباد کہنے کی کوئی سنجیدہ امید نہیں ہے۔ ہمیں زمین پر موجود موسمیاتی تبدیلیوں کا بحران دور کرنا ہے نہ کہ زمین سے فرار ہو کر دوردراز خیالی دنیاؤں پر جانے کی کوشش کرنا ہے۔ ڈاکٹر ڈیڈیئر کولیز نے آب و ہوا میں تبدیلی کو جعلی اور غلط کہنے والوں کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس امید پر اس سیارے کو نظرانداز کر رہے ہیں کہ شاید کبھی کسی مقام پر زمین چھوڑ کر دوردراز اور اجنبی دنیا میں جانا ممکن ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ستارے اور وہاں زمین جیسے سیارے بہت دور واقع ہیں اور فی الحال زمین چھوڑنے کی کوئی سنجیدہ امید نہیں رکھنی چاہیے، اس ضمن میں انہوں نے مشہور سائنس داں اسٹیفن ہاکنگ کا بھی حوالہ دیا جو وہ زمین چھوڑنے کے متعلق کہتے آئے ہیں۔ اس موقع پر دیگر نوبل انعام یافتہ سائنسدانوں نے بھی ڈیڈیئر کی تائید کی۔
