راولپنڈی(جسارت نیوز)پاکستان اورسری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ نے راولپنڈی اسٹیڈیم میں 15سال بعد کرکٹ کی رونقیں بحال کردیں،شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد نے اسٹیڈیم کا رخ کرکے پاک سری لنکن کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہا،اسٹیڈیم میں ہر طرف قومی پرچم کی بہار نظرآرہی تھیں،جب کہ اسٹیڈیم میں شائقین نے پاکستان زندہ باداورپاک سری لنکا دوستی زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے ۔ سیکورٹی اداروں کی جانب سے اس موقع پر فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے خلاف 2 میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ بدھ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شروع ہوا تو سری لنکن کپتان ڈیموتھ کرونا رتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کیلئے سازگار ہے، اس لئے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ کرونا رتنے کا کہنا تھا ہمارے پلیئرز ان کنڈیشنز میں کھیلنے کے عادی ہیں اور کوشش ہوگی کہ پاکستان کے خلاف اسکور بورڈ پر بڑا ٹوٹل سجائیں۔ عابد علی اور عثمان شنواری نے قومی ٹیم کی طرف سے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا۔ یاسر شاہ کو ٹیسٹ اسکواڈ سے ڈراپ کیا گیا ہے۔ پاکستان کے تمام 11 کھلاڑی سری لنکا کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر پہلا ٹیسٹ کھیل رہے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شروع ہوا تو ٹاس جیتنے کے بعد سری لنکن ٹیم کی طرف کپتان ڈیموتھ کرونارتنے اور اوشاڈا فرنینڈو نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ پاکستان کی طرف سے محمد عباس نے بولنگ اٹیک کیا۔
