دانستہ طور پر مجھے جنسی ہراساں بھی کیا گیا
ہتک عزت کے دعوے کے جواب میں بیان ریکارڈ
لاہور (کلچرل ڈیسک) گلوکارہ میشا شفیع نے عدالت میں علی ظفر کے ہتک عزت دعوے کے جواب میں بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا ہے کہ گلوکار علی ظفر نے کئی بار دانستہ طور پر میرے جسم کو چُھوا اور جنسی طور پر ہراساں بھی کیا۔ لاہور سیشن کورٹ میں گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف گلوکار علی ظفر کے ہتک عزت دعوے کی سماعت ہوئی، میشا شفیع نے ایڈیشنل سیشن جج امجد علی شاہ کی عدالت میں بیان ریکارڈ کروایا۔ جنسی ہراسانی کے حوالے سے میشا کا کہنا تھا کہ وہ واقعہ کے بعد جب گھر سے باہر نکلیں تو باہر شوہر کھڑے تھے میں نہیں چاہتی تھی کہ موقع پر کوئی بدمزگی پیدا ہو حالانکہ میرے شوہر باکسر ہیں۔ میشا نے مزید بتایا کہ مجھے علی ظفر کے ساتھ لمبے عرصے تک پرفارم کرنا تھا لیکن ان حرکات سے پریشان تھی اور انتہائی مجبوری کی حالت میں مجھے جنسی ہراسانی کا معاملہ اٹھانا پڑا۔ گلوکارہ نے بطور ثبوت علی ظفر کے مختلف واٹس ایپ میسجز بھی دکھائے۔ بیان ریکارڈ کرنے کے بعد سیشن جج نے مزید کارروائی 20 دسمبر تک ملتوی کردی۔

