کراچی (اے پی پی) صحافی اپنی ملازمت کا تحفظ خود کریں، ایک کے بعد ایک صحافی جبری برطرفی کا شکار ہورہا ہے، میڈیا مالکان کی صحافت کش پالیسی کے باعث ملک کے صحافی تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہے ہیں۔ زین العابدین المعروف عابد بھائی کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ کراچی پریس کلب کے تحت پریس کلب، اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن سندھ (سجاس) اور کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے رکن زین العابدین المعروف عابد بھائی کے لئے منعقدہ تعزیتی اجلاس کے موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز فاران نے کہا کہ آج کے دور میں کوئی کسی کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتا، میڈیا کے حالات کا تقاضہ ہے کہ کسی اور کو پروموٹ کرنے کے بجائے ہم اپنی ملازمت کی حفاظت خود کریں۔ سیکریٹری پریس کلب ارمان صابر نے کہا کہ زین العابدین نے ہمیشہ اپنے کام کے ساتھ انصاف کیا۔ پریس کلب کے لئے انہوں نے ہمیشہ ایک متحرک رضاکار کا کردار ادا کیا ہے۔
