لاہور(نمائندہ جسارت)صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بزدار حکومت گزشتہ 2روزسے اسی موقف پر قائم ہے کہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے اندوہناک واقعے میں کسی تیسری ملک دشمن سیاسی قوت کا ہاتھ تھا، ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی واقعے میں ڈاکٹروں اور وکلاء کے درمیان تنازعے کو سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسی صورتحال میں تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی جسے بزدار حکومت کی جانب سے بروقت اقدامات کے باعث کنٹرول کر لیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وکلاء قیادت کی طرف سے بھی اس حقیقت کا اعتراف بزدار حکومت کے اس موقف کی تائید ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اپوزیشن کا اس معاملے پر غیر سنجیدہ رویہ امن و امان کی صورتحال خراب کرنے اور انتشار کو جنم دینے کا سبب بنے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اپوزیشن اس حساس ایشو پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے امن عامہ کی بحالی کو ترجیح دے گی۔
فیاض چوہان
