شکارپور (نمائندہ جسارت) گندے پانی کی نکاسی کے لیے بنائے گئے مٹی کے کچے تالاب کے قریب درگاہ سید شہید ملنگ بابا کے میدان میں سیم کے باعث دیوار گرگئی، قریب ہی موجود نیم کا درخت بھی سوکھنے لگا، دیوار گرنے کے باعث کوئی نقصان نہیں ہوا، تالابوں میں کھڑے گندے پانی کی بدبو سے مدرسے کے طلبہ، نمازی اور زائرین متاثر ہونے لگے۔ دوسری جانب سیم و تھور بڑھنے کی وجہ سے مسجد، مزار، قبور اور دیگر تعمیر شدہ جگہوں کو ہونے والے نقصان، پینے کی پانی، زیر زمین پانی خراب ہونے کے سبب سخت پریشانی کا سامنا ہے۔ مسجد کے پیش امام مشتاق احمد حسینی و ضلعی صدر سنی تحریک شکارپور، درگاہ کے گدی نشین اور مدرسے کے مہتم وزیر علی ابڑو، نمازیوں اور زائرین نے ڈی سی شکارپور رحیم بخش میتلو اور دیگر عملداروں سے مطالبہ کیا کہ عبادت کرنے والی جگہوں کے قریب تعمیر شدہ گندے پانی کے تالابوں کا پانی قریب ہی موجود سیم کینال میں چھوڑا جائے، یا پھر تعمیر شدہ کچے تالاب پختہ کیے جائیں اور درگاہ کی جانب سے آنے والے سیم و تھور اور بدبو کو روکنے کے لیے دیوار تعمیر کروائی جائے۔ شکارپور میں ماڈل ٹرائل کورٹ نے قتل ثابت ہونے پر ایک شخص کو موت کی سزا سنا دی۔ شکارپو ماڈل ٹرائل کورٹ کے جج طاہر حسین نے ملزم خادم کو موت کی سزا اور دو لاکھ جرمانے کی سزا سنائی، ملزم نے 2008ء میں نبی شاہ وگن تھانے کی حدود میں ایک شخص کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ مذکورہ کیس گزشتہ 11 سال سے ماڈل ٹرائل کورٹ میں زیر سماعت تھا، جس کا فیصلہ سنایا گیا۔
