کراچی (آن لائن) ترکی کی سرکاری امدادی ایجنسی ترکی کارپوریشن اور کوآرڈی نیشن ایجنسی ٹیکا نے کراچی میں لڑکیوں کے لئے کرکٹ ٹریننگ کا مرکز قائم کیا ہے۔ جمعہ کے روزپاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد ، ترکی کارپوریشن اور کوآرڈی نیشن ایجنسی کے کراچی کوآرڈینیٹر ، ابراہیم کتراسی اور زندگی ٹرسٹ کے سربراہ شہزاد رائے نے ایس ایم بی فاطمہ جناح گورنمنٹ اسکول میں لڑکیوں کے لئے کرکٹ کے تربیتی نیٹ کا افتتاح کیا ، تاکہ لڑکیوں میں کرکٹ کے کھیل کو فروغ دیا جاسکے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ ترکی کارپوریشن اور کوآرڈی نیشن ایجنسی کے اس اقدام کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے خود مشاہدہ کیا ہے اس تربیتی نیٹ خواتین کرکٹرز کو تربیت کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں بہت زیادہ صلاحیت ہے بس انہیں نکھارنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترک حکومت پاکستانی نوجوانوں کو پیشہ ور کرکٹر بننے کے ان کے خوابوں پر عمل پیرا ہونے میں مدد فراہم کررہی ہے۔ترکی کارپوریشن اور کوآرڈی نیشن ایجنسی کے کراچی کوآرڈینیٹر ابراہیم کتراسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکانے کراچی میں لڑکیوں میںکرکٹ کے فروغ کے لئے یہ سہولت قائم کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ترکی کے عوام کا پاکستان کے نوجوانوں کے لئے تحفہ ہے۔
