English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عراق میں ہلاتیں سلامتی کونسل نے تحقیقات کا مطالبہ کردیا

القمر

 

نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے عراقی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مظاہرین کے خلاف پُرتشدد واقعات اور چھاپوں کے حوالے سے تحقیقات کرائیں۔ اس سے قبل عراق میں انسانی حقوق کے کمیشن نے اعلان کیا تھا کہ ملک میں جاری عوامی مظاہروں اور احتجاج میں سیکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جب کہ سماجی کارکنان کے اغوا اور قتل کی کارروائیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ہفتے کے روز سلامتی کونسل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ سلامتی کونسل کے ارکان نے مظاہرین کی ہلاکتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اسی طرح نہتے مظاہرین کے خلاف قتل اور جبری گرفتاریوں کا کارروائیاں بھی باعث تشویش ہیں۔ سلامتی کونسل نے باور کرایا کہ اسے عراق میں مظاہرین کو قتل کرنے اور نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں مسلح جماعتوں کے ملوث ہونے پر بھی نہایت تشویش ہے۔ دوسری جانب عراق کے جنوبی شہر بصرہ میں جمعہ کے روز مظاہرین نے ایرانی رہبر انقلاب سے منسوب سڑک شارع خمینی کا نام بدل کر شارع شہدائے اکتوبر کر دیا۔ بصرہ میں مظاہرین اس سے پہلے 3بار مذکورہ نام پر احتجاج کرتے ہوئے شارع خمینی کا سائن بورڈ جلا چکے ہیں۔ واضح رہے کہ یکم اکتوبر سے جاری عوامی احتجاج اور غیض و غضب نے بغداد اور جنوبی شہروں کو خاص طور پر اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ مظاہرین کے مطالبات کا آغاز بدعنوانی کے خاتمے، روزگار کے مواقع یقینی بنانے اور معاشی حالات بہتر بنانے سے ہوا تھا۔ تاہم جلد ہی مظاہرین کے مطالبات میں ملک میں 16 برس سے قائم سیاسی نظام کی جامع تبدیلی کا مطالبہ شامل ہو گیا۔ یاد رہے کہ اب تک مظاہروں کے خلاف طاقت کے استعمال میں 450 سے زیادہ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے