
راولپنڈی(اے پی پی) پاکستان اور سری لنکاکے درمیان کھیلا گیا پہلا کرکٹ ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا تاہم اس میچ کے انعقاد سے ایک بار پھر پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ہوگئی جبکہ عابد علی نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ سنچری بنا کر ریکارڈ میں اپنا نام بھی شامل کروالیا اور با براعظم بھی سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگ میں دو وکٹوں کے نقصان پر 70 اوورز 252 رنز بنائے جبکہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 19 سے 23 دسمبر تک کراچی میں کھیلا جائے گا۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے اس میچ کے پانچویں اور آخری روز سری لنکا نے6وکٹوں کے نقصان پر282رنز کی اپنی نامکمل اننگ کا دوبارہ آغاز کیا،سری لنکا نے اپنے 300 رنز 94.5 اوورز میں مکمل کیے،اس دوران ڈی سلوا نے اپنی سنچری مکمل کرلی،سری لنکا نے 6وکٹوں کے نقصان پر308 بنائے تھے کہ ان کے کپتان نے اپنی پہلی اننگ ڈیکلیئر کر دی،ڈی سلوا نے 166گیندوں پر15چوکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر102رنز جبکہ دلرووان پریرانے آوٹ ہوئے بغیر16رنز بنائے تھے۔پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے بالترتیب68اور92 رنز کے عوض دو،دو جبکہ عثمان شنواری اور محمد عباس نے بالترتیب 54اور 72رنز کے عوض ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان نے جب اپنی پہلی اننگ کا آغاز کی تو تین رنز پرہی پاکستان کی پہلی وکٹ گرگئی،شان مسعود بغیر کوئی رنز بنائے وشوا فرنینڈو کی گیند پر چندی مل کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔پانچویں روز کھانے کے وقفے پر پاکستان کا اسکور ایک وکٹ کے نقصان پر54رنز تھا۔ عابد علی نے اپنے پہلے میچ میں نصف سنچری اسکور کرکے اپنی سلیکشن کو درست ثابت کردیا۔ انہوں نے 95 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے۔ کھانے کے وقفے کے بعد پاکستان کی دوسری وکٹ 90 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان اظہر علی 36 رنز بناکر لاہیرو کمارا کی گیند پر کرونا رتنے کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ پاکستان کے کھلاڑیوں اظہر علی اور عابد علی نے دوسری وکٹ کی پارٹنر شپ میں 87 رنز بنائے۔ پاکستان نے اپنے 100 رنز 34-5 رنز دو وکٹوں کے نقصان پر مکمل کیے۔ چائے کے وقفے پر پاکستان کاا سکور 53 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز تھا۔ بابر اعظم نے اپنی نصف سنچری 70 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے مکمل کی۔ پاکستان نے اپنے 200 رنز 59 اوورز میں دو وکٹوں پر مکمل کیے۔ اس دوران عابد علی نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں سنچری بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے 100 رنز 183 گیندوں پر گیارہ چوکوں کی مددسے مکمل کئے۔بعدازاں بابر اعظم نے بھی اپنی پاکستان کی جانب سے اپنی سنچری مکمل کی انہوں نے 118 گیندوں پر 14 چوکوں کی مدد سے 100 رنز مکمل کیے۔ پاکستان کا مجموعی اسکور 70 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 252 رنز رہا۔عابد علی نے 11 چوکوں کی مدد سے 109 رنز اوربابراعظم نے 14 چوکوں کی مدد سے 102 رنز بنائے۔ عابد علی اور بابر اعظم کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں 162 رنز بنے۔ عابد علی مین آف دی میچ قرار پائے۔ سری لنکا کی طرف سے کاسن راجیتھا اور لاہیرو کمارا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
