English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ریفیوجیز فورم پاکستانی فراخدلانہ پالیسیوں کا اعتراف ہے، شہریار آفریدی

القمر

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت برائے سیفران و انسداد منشیات شہر یار خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو4 دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے، مغربی ممالک میں تارکین وطن کی ایک کشتی کے آجانے سے حکومتیں بدل رہی ہیں جبکہ وزرائے اعظم اسی بنیاد پر منتخب ہورہے ہیں کہ وہ تارکین وطن کے خلاف سخت قوانین اپنائیں گے، گلوبل ریفیوجیز فورم کے زیر انتظام 2 روزہ بین الاقوامی کانفرنس (آج) منگل کو جنیوا میں شروع ہوگی ، پاکستان گلوبل ریفیوجیز فورم میں ایک
بنیادی میزبان کی حیثیت سے شرکت کررہا ہے۔وزیر مملکت شہر یار آفریدی نے جنیوا سے ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ اور اس کے ذیلی ادارے پاکستانی عوام اور حکومت کی مہاجرین کو پناہ دینے کے حوالے سے فراخ دلی کو تسلیم کررہے ہیں، گلوبل ریفیوجیز فورم کا انعقاد پاکستان کی ایسی ہی فراخدلانہ پالیسیوں کا اعتراف ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ گلوبل ریفیوجیز فورم میں پاکستان ایک بنیادی میزبان کی حیثیت سے شرکت کر رہا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ترکی، کوسٹا ریکا، ایتھوپیا اور جرمنی بھی شریک میزبان کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فورم کا مقصد مہاجرین اور ان کے مسائل کے حوالے سے عالمی رائے عامہ ہموار کر نا اور متشدد و خوف پر مبنی فضاء کا خاتمہ کرنا ہے۔ وزیر مملکت کانفرنس میں شرکت کرنے والے 5 ممالک کے سربراہان بشمول ترکی کے صدر رجب طیب اردوان، جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل اور ایتھوپیا و کوسٹاریکا کے سربراہان مملکت کو جنیوا آمد پر خوش آمدید کہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے