English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جناح اسپتال میں دو نوجوانوں کی لاشیں چھوڑ کر بھاگنے والے تین ملزمان گرفتار

 کراچی: جناح اسپتال میں نامعلوم ملزمان کی جانب سے 2 افراد کی لاشیں چھوڑ کر فرار ہونے کا معمہ حل ہوگیا، پولیس نے تین افراد کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایچ او صدر ارشد آفریدی نے بتایا کہ ہفتے کی صبح نامعلوم ٹیکسی اور رکشا ڈرائیور جناح اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں دو نوجوانوں کو مردہ حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے جس پر ایمرجنسی وارڈ کی انچارج سیمی جمالی نے فوری طور پر صدر پولیس کو اطلاع دی۔

بعد ازاں جناح اسپتال کی ایمرجنسی وارڈ کے باہر نصب سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج حاصل کی گئی تو اس میں لاشوں کو لانے والے افراد کی تصویریں واضح تھیں۔ ٹیکسی کی رجسٹریشن نمبر کی مدد سے ڈرائیور کا سراغ لگاکر انہیں حراست میں لے لیا گیا۔


جاں بحق دو افراد میں سے ایک مصطفی خان ولد نور سلیم جو کہ وزیرستان کا رہائشی ہے

پولیس آفیسر کے مطابق ٹیکسی ڈرائیور محمد اسلم نے بتایا ہے کہ وہ کورنگی کے علاقے زمان ٹاؤن کا رہائشی ہے، ہفتے کی صبح کورنگی سیکٹر 49 این میں ذاکر اور اختر نامی افراد دونوں افراد کو بے ہوشی کی حالت میں جناح اسپتال پہنچارہے تھے کہ دونوں افراد نے راستے میں دم توڑ دیا۔


پولیس جائے وقوع کا معائنہ کرتے ہوئے

ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ ٹیکسی ڈرائیور کی نشاندہی پر ذاکر اور اختر کو حراست میں لیا تو انہوں نے بتایا کہ مرنے والے ان کے دوست ہیں ایک ہی کمرے میں رہائش پذیر ہیں اور ایک ہی فیکٹری میں مزدوری کرتے تھے، جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کام پر تھے لیکن جب ہفتہ کی صبح اپنے ڈیرے پر پہنچے تو کمرے میں جنریٹر چل رہا تھا اور دھواں بھرا ہوا تھا دونوں دوستوں کو ٹیکسی میں ڈال کر اسپتال پہنچا رہے تھے کہ دونوں نے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔

Jinnah Hospital 2 bodiesJinnah Hospital 2 bodies
حراست میں لیے گئے تین میں سے دو ملزمان ذاکر اور اسلم کی تصاویر

اسی سے متعلق: جناح اسپتال میں نامعلوم ملزمان 2 افراد کی لاشیں چھوڑ کر فرار

پولیس آفیسر نے بتایا کہ دونوں افراد کے بیان کی روشنی پر جائے وقوع کے معائنے اور تحقیقات کے بعد معلوم ہوا کہ حراست میں لیے گئے دونوں افراد کے بیانات درست ہیں اور کمرے میں دھوئیں کے شواہد بھی ملے ہیں، مرنے والے ایک متوفی کی شناخت نادرا کے ریکارڈ سے ہوئی جس میں اس کا نام مصطفی خان ولد نور سلیم درج ہے وہ وزیرستان کا رہائشی ہے، متوفی کے گھر والوں کو اس کی ہلاکت کی اطلاع دے دی ہے جبکہ حراست میں لیے گئے افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کے لیے زمان ٹاؤن پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ہفتہ کے روز جناح اسپتال کے شعبہ حادثات میں ٹیکسی اور رکشا میں سوار چند افراد دو نوجوانوں کی لاشیں چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے