English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مقبوضہ کشمیر: نئے سال کیساتھ لاک ڈاؤن کے 150 دن مکمل

نئےسال 2020ء کے آغاز پر مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کو 150 دن ہو گئے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مظفر آباد میں کشمیریوں کی یاد میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کے دوران مظاہرین نے بھارتی مظالم کے خلاف نعرے بھی لگائے۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں خوشیوں اور امیدوں سے نئے سال کا سورج طلوع ہواہے جبکہ مقبوضہ وادی میں لاک ڈاؤن کے 150 دن مکمل ہو گئے۔ 2019 ءکا سال کشمیریوں کے لیے سفاکانہ اور اذیت ناک رہا، قابض بھارتی فورسز نے گزشتہ سال 210 کشمیریوںکو شہید، 2417 کو زخمی، 12 ہزار 892 کو گرفتار کیا ۔

شہید ہونے والوں میں 3 خواتین اور 9 لڑکے بھی شامل ہیں، 16کشمیریوں کو جعلی مقابلوں یا دورانِ حراست تشدد میں شہید کیا گیا۔ کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق 2019ء میں مقبوضہ کشمیر میں کریک ڈاؤن، گرفتاریاں، بھارت مخالف مظاہرے اور بھارتی فوج کے محاصروں کا سلسلہ جاری رہا۔

اس دوران بھارتی فوج نے ظلم کی انتہا کرتے ہوئے 827 کشمیریوں کو پیلٹ گنوں سے زخمی کیا، چھرے لگنے سے 162 کشمیری بینائی سے محروم ہوگئے۔ کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت 662 افراد کو گرفتار کیا گیا، مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست سے جاری بھارتی فوج کا لاک ڈاؤن 150 ویں روز میں داخل ہوگیا ہے۔

نئے سال کے پہلے دن کے طلوع ہونے کے ساتھ ہی مظفرآبادمیں بسنے والے کشمیری اپنے محصور بہن بھائیوں سے یکجہتی کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔آزاد کشمیر کے شہریوں نے آزاد ی چوک میں خواتین اور بچوں کے ہمراہ دھرنا دیااور مطالبہ کیا کہ کشمیر سے قابض بھارتی افواج کا قبضہ ختم کروا کے کشمیریوں کو ان کا حقِ خود ارادیت دلایا جائے تاکہ وہ رائے شماری کے ذریعے اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے