English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جنرل سلیمانی کے قتل کیلیے اسرائیل نے امریکا کو معلومات فراہم کیں

القمر

ایران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی پاسداران انقلاب کی ذیلی تنظیم القدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے لیے اسرائیلی انٹیلی جنس نے امریکا کو خفیہ معلومات فراہم کی تھیں۔امریکی میڈیا کے مطابق جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے لیے اسرائیلی انٹیلی جنس نے امریکاکی معاونت کی تھی اور اسرائیلی خفیہ ایجنسی سے ہی امریکاکو تصدیق ہوئی کہ سلیمانی دمشق سے بغداد کس طیارے میں آرہے ہیں۔امریکا میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کو ایک مخبر نے شام سے اطلاع دی تھی کہ قاسم سلیمانی کسی طیارے میں سوار ہوں گے جس کے بعد اسرائیلی انٹیلی جنس نے مخبر کی اطلاع کی تصدیق کرتے ہوئے اس اطلاع کی توثیق کی تھی۔نجی شامی ائر لائن ’شام ونگز‘ کے ائربس اے 320 کے بغداد ائر پورٹ پر پہنچنے کے بعد وہاں موجود امریکی جاسوسوں نے قاسم سلیمانی کی آمد کی اطلاع امریکی فوج کو دی جس کے بعد ہیلی فائر میزائلوں سے لیس 3 امریکی ڈرون ہدف کی جانب روانہ ہوئے اور باآسانی ہدف کو نشانہ بنایا۔اس دوران انہیں کسی قسم کی دقت کا سامنا نہیں کرنا پڑا کیو نکہ عراق کی فضائی حدود مکمل طور پر امریکا کے زیراثر ہے۔ دوسری جانب امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نتین یاہو کی قاسم سلیمانی پر حملے سے قبل امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ٹیلی فونک گفتگو ہوئی تھی اور وہ خطے میں واحد رہنما تھے جو امریکا کی اس کارروائی سے آگاہ تھے۔واضح رہے کہ اس سے قبل برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز بھی اپنی خصوصی رپورٹ میں یہ دعویٰ کرچکی ہے کہ میجر جنرل قاسم سلیمانی کے قتل میں امریکا کی مدد عراق اور شام میں موجود مخبروں نے کی۔روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق جنرل قاسم سلیمانی اور دیگر فوجیوں کے نام طیارے میں سوار مسافروں کی فہرست میں بھی شامل نہیں تھے۔جنرل سلیمانی کے سیکورٹی امور سے واقف ایک عراقی سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ سلیمانی اپنی سیکورٹی کے حوالے سے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر نجی طیارہ استعمال نہیں کرتے تھے۔ بغداد ائیر پورٹ پہنچنے کے بعد عراقی ملیشیا گروپ کتائب حزب اللہ کے سربراہ ابو مہدی المہندس اور سلیمانی کی ملاقات ہوئی جس کے بعد دونوں وہاں موجود دو گاڑیوں میں سے ایک میں داخل ہوگئے جبکہ گارڈز دوسری گاڑی میں سوار ہوگئے۔ائر پورٹ سے نکلنے کے بعد تقریباً رات 12 بجکر 55 منٹ پر امریکا کی جانب سے داغے گئے 2 راکٹ اْس گاڑی پر لگے جس میں سلیمانی اور مہندس بیٹھے ہوئے تھے اور کچھ ہی سیکنڈز بعد دوسری گاڑی بھی راکٹ کا نشانہ بن گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے