English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ملک کا نام روشن کرنے کیلئے کھلاڑیوں کو سخت تربیت کی ضرورت ہے،قمر زمان

القمر

اسلام آباد (جسارت نیوز) پاکستان اسکواش فیڈریشن کے نائب صدر قمر زمان نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کیلئے سینئر کھلاڑیوں کو سخت تربیت کی ضرورت ہے، ملک سے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے چاروں صوبوں میں اکیڈمیاں قائم کی گئی ہیں جنہیں نامور سابق اسکواش کھلاڑی چلا رہے ہیں، پشاور میں 10 سال بعد پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن (پی ایس اے) کے مقابلے بحال ہو جائیں گے جس کیلئے خیبرپختونخوا حکومت نے بھرپور تعاون کی یقینی دہانی کرائی ہے۔ منگل کو خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حال ہی میں قومی جونیئر کھلاڑی حمزہ خان نے برٹش اوپن میں کامیابی حاصل کی تھی، انہیں آنے والے بین الاقوامی مقابلوں کیلئے سخت محنت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ا سکواش کے سینئر کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مطمئن نہیں، ان کی عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کیلئے سخت تربیت کے ساتھ ساتھ کھیل میں گہری دلچسپی کی بھی ضرورت ہے۔ قمر زمان نے کہا کہ ملک سے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے پشاور، اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں اسکواش کی اکیڈمیاں قائم کی گئی ہیں جہاں جونیئر کھلاڑیوں کو سابق نامور کھلاڑی جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دے رہے ہیں۔ توقع ہے کہ آئندہ چند سال میں ان اکیڈمیوں سے باصلاحیت کھلاڑی نکلیں گے اور ماضی کی طرح پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر ا سکواش کی حکمرانی بحال ہو جائے گی۔ پشاور میں جان شیر خان اور وہ خود اکیڈمی میں جونیئر کھلاڑیوں کو ٹپس دے رہے ہیں اور یہاں پر ہر سال 20 سے 22 قومی ایونٹس کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے جس میں نئے کھلاڑیوں کو کھیل کے بھرپور مواقع فراہم ہوتے ہیں۔ نائب صدر نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت بالخصوص وزیر کھیل عاطف خان کھیلوں سے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے پشاور میں 10 سال بعد پی ایس اے کے مقابلے کرانے کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ عاطف خان کھیلوں بالخصوص اسکواش سے گہرا لگائو رکھتے ہیں اور پشاور میں انٹرنیشنل مقابلوں میں کے پی کے حکومت ان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے