حکومتی اداروں کی جانب سے کارورائی کے خوف سے ذخیرہ کی گئی گندم مارکیٹ میں آگئی
کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی میں گندم اور آٹے کی قیمتوں کا بحران ختم ہوگیا۔ حکومتی اداروں کی جانب سے ممکنہ کارروائی کے خوف کے باعث ذخیرہ شدہ گندم کے وسیع ذخائر اوپن مارکیٹ میں آگئی لیکن تھوک مارکیٹ میں گندم کی فروخت محدود ہوگئی۔ تھوک ڈیلرز نے بتایاکہ اوپن مارکیٹ میں جمعہ کو گندم کی 100 کلو گرام کی بوری مزید 500 تا 600 روپے کمی سے 4400 تا 4500 روپے ہوگئی۔ اس طرح سے فی 100 کلوگرام گندم کی فی بوری کی قیمت 5000 سے کم ہو کر 4400 تا 4500 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ 10 روز کے دوران فی 100 کلو گرام گندم کی بوری کی قیمت میں مجموعی طور پر 1000 تا 1100 روپے کی کمی واقع ہو چکی ہے۔ حکومت سندھ کی جانب سے کراچی کی 74 فلور ملوں کو اب تک 100 کلو گرام کی 18 ہزار بوریاں فراہم کر دی گئی ہیں ذرائع نے بتایا کہ سندھ حکومت نے شہر کی فلور ملوں کو لانڈھی میں واقع تین مختلف گوداموں سے 34 روپے 50 پیسے فی کلو گرام سبسڈائز ریٹ پر گندم فراہم کی ہے۔

