کراچی(اسٹاف رپورٹر) کورونا وائرس سے بچا کے لیے پی ایس ایل میچز کے دوران نیشنل اسٹیڈیم آنے والے تمام افراد کی اسکریننگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ میچز کے دوران کورونا وائرس سے بچائو کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سینیٹائزر لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ذرائع سندھ حکومت کے مطابق صابن بنانے والی کمپنی اسٹیڈیم میں مفت سینیٹائزر نصب کریگی جب کہ پارکنگ کے مقاما ت پر بھی سینیٹائزر لگائے جائیں گے۔سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کا کوئی خوف نہیں، اس حوالے سے طبی ماہرین نے بھی کلیئرنس دیدی ہے تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر پی ایس ایل میچز دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین کی اسکریننگ کی جائے گی، اسٹیڈیم کے تمام داخلی راستوں پر اسکریننگ کے لیے خصوصی کائونٹر قائم کیے جائیں گے جب کہ دروازوں پر پولیس کے ہمراہ طبی عملہ بھی تعینات ہوگا۔دوسری طرف شہر قائد میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے میچوں کے انعقاد پر سندھ حکومت نے آمادگی ظاہر کر دی۔سندھ حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)سے باضابطہ رابطہ کر کے 12مارچ سے کراچی میں میچز کے انعقاد کے لیے حامی بھر لی۔ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس کا کوئی خوف نہیں ہے اور طبی ماہرین نے بھی وائرس سے متعلق کلیئرنس دے دی ہے۔ پی ایس ایل میچز دیکھنے والے شائقین کی اسکریننگ کی جائے گی جبکہ نیشنل اسٹیڈیم میں نجی کمپنی کی جانب سے سینیٹائرز مشینیں بھی لگائی جائیں گی۔ترجمان کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کے 12 داخلی راستوں پر اسکریننگ کے لیے پولیس کے ساتھ طبی عملہ بھی تعینات کیا جائے گا۔
کورونا وائرس کا خطرہ ،کراچی میں شائقین کی اسرکیننگ کا فیصلہ
القمر
