English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کورونا سے 3 کروڑ بچوں کا اسکول چھوٹ گیا

القمر

نیوریاک (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا میں تقریباً 3 کروڑ بچوں نے اسکول جانا چھوڑ دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سائنس، تعلیم اور ثقافت ’’یونیسکو‘‘ نے کہا کہ اب تک 13 ممالک نے اپنے تمام اسکول بند کر دیے ہیں، جب کہ 9 دیگر ممالک میں اسکول جزوی طور پر بند ہیں۔ یونیسکو کے مطابق تعلیم کی ترویج میں اس پیمانے کا خلل پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا اور خدشہ ہے کہ اگر وائرس قابو میں نہ آیا تو بچوں کے بڑی تعداد تعلیم کے حق سے محروم ہوجائے گی۔ کورونا وائرس دنیا کے 80 ممالک تک پھیل چکا ہے۔ اس سے 97ہزار 810 لوگ متاثر ہیں، جب کہ 3352 موت کے منہ میں جاسکے ہیں۔ امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک 71 سالہ شخص کی موت کے بعد ہنگامی حالات کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔ اس سے پہلے امریکی ریاست واشنگٹن میں 10 لوگ کورونا وائرس کی وجہ سے دم توڑ چکے ہیں۔ کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیورم نے ایمرجنسی کے نفاذ کے ساتھ ہی ایک بیان بھی جاری کیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ کیلیفورنیا میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر اب تک 53 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ کیلیفورنیا کے گورنر کا مزید کہنا تھا کہ کررونا وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے ہر سطح پر کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ادھر اٹلی میں وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 10 روز کے لیے ملک بھر میں تمام سکول اور یونیورسٹیاں بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اٹلی کے حکام کے مطابق تمام سکول اور یونیورسٹیاں 15 مارچ تک بند رہیں گی۔ اٹلی کے وزیر اعظم جیوزیپی کونٹے کا کہنا ہے کہ ملک کی صحت کی سہولیات اس وائرس سے نمٹنے کے لیے ناکافی ہونے کا خطرہ ہے۔ جمعرات کے روز اٹلی میں اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 41 تک پہنچ گئی۔ اس طرح اٹلی میں اب تک 148 افراد اس وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں، جو چین کے بعد سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں، جہاں اب تک 3013 لوگ موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔ کورونا سے ہلاکتوں میں تیسرے نمبر پر ایران ہے، جہاں 107 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ایرانی وزیر صحت سعید نمکی نے کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر کے تعلیمی ادارے 20 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کیا۔ ایرانی وزیر صحت نے عوام کو نوٹ کے استعمال کو کم کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، اور حتیٰ کہ عوام اپنی گاڑیوں میں پیٹرول اور سی این جی بھرواتے وقت بھی گاڑیوں سے باہر نکلنے میں احتیاط کریں، اور گاڑی کے اندر رہتے ہوئے ہی گیس بھروائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے