English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کورونا نے 121ممالک کو لپیٹ میں لے لیا‘اٹلی میں پاکستانی جاں بحق( عالمی ادارہ صحت نے وائرس کو وبا قراردیدیا)

القمر

اسلام آباد/بیجنگ/نیویارک/روم /کراچی (خبر ایجنسیاں +اسٹاف رپورٹر)کورونا وائرس نے 121 ممالک کواپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اٹلی میں مقیم پاکستانی شہری اس مہلک وائرس کا شکار ہوکر جاں بحق ہوگیا۔ عالمی ادارہ صحت نے اس وائرس کو عالمی وباکا درجہ دے دیا۔ اٹلی میں کورونا وائرس سے بدھ کو168 ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 631 ہوگئی ہے اور 10 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں، اٹلی کے 60 فیصد علاقے کو آئسولیٹ کردیا گیا ہے جب کہ عملاً پورے ملک میں لاک ڈاؤن ہے۔ادھر گلگت بلتستان کے علاقے اسکردو میں14سال کے لڑکے میںکورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد قومی ادارہ صحت کی 3رکنی ٹیم اسکردو پہنچ گئی ہے۔کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر بین الصوبائی بارڈرز کی نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے، سندھ حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر صوبوں سے آنے والے افراد پر سرحدوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ آل سندھ پیپلز پیرا میڈیکل اسٹاف کراچی کے صدر نیاز احمد خاص خیلی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر سرکاری اسپتالوں میں صرف ڈاکٹروں ہی کی کمی نہیں، نرسوں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی تعداد بھی ضرورت کے مقابلے میں بہت کم ہے، اسپتالوں میں نیم طبی عملے کی کمی بھی کافی سنگین مسئلہ ہے اورگزشتہ 5سال میں انتقال کرنے اور ریٹائرڈ ہوجانے والے ملازمین کی متبادل اسامیوں کو پُر کرنا ناگزیر ہے۔ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائرس عالمی وبا بن چکا ہے مگر وفاقی حکومت اس معاملے میں سنجیدہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ عوام کو باخبر رکھنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر میڈیا بریفنگ کی جائے گی۔سندھ کے وزیرتعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادروںکو 16مارچ سے کھولنے کا فیصلہ برقرار ہے تاہم مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کی چھٹیوں کے بارے میں حتمی فیصلہ چند دن میں کیا جائے گا کیونکہ اس معاملے کو صوبائی بہت سنجیدگی سے لے رہی ہے۔دوسری جانب غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 4ہزار 584اور متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 24ہزار 578ہوگئی ہے۔ نیویارک کے متاثرہ علاقے میں فوجیوں کو بھیج دیا گیا،امریکا میں ہلاکتوں کی تعداد 30ہو گئی۔ امریکا نے ایران سے اپنے قیدی رہا کرنے کا مطالبہ کر دیا۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ کسی امریکی قیدی کو کچھ ہوا تو ایرانی حکومت ذمے دار ہو گی۔ادھر برطانوی وزیر صحت بھی مہلک وائرس کا شکار ہو گئیں۔ وزیر گزشتہ دنوں پارلیمنٹ میں سیکڑوں افراد سے ملی تھیں اور وزیر اعظم بورس جانسن سے بھی ملاقات کی تھی۔چین میں 22 مزید ہلاکتوں کے بعد تعداد 3ہزار 158ہو گئی جبکہ 80ہزار سے زائد متاثر ہیں۔ جنوبی کوریا میں 61ہلاکتیں ہیں۔ 242نئے کیسز کے ساتھ 7ہزار 755 افراد وائرس سے متاثر ہیں۔ اسپین میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 1695ہو گئی، 36 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ فٹ بال میچوں کے دوران تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں جانے کی اجازت نہیں ہے۔ ایران میں 291اموات ریکارڈ کی گئیں، 8 ہزار 42 افراد وائرس کا شکار ہیں۔فرانس میں کورونا وائرس سے 33 افراد جان کی بازی ہار گئے، ایک ہزار 784 متاثر ہیں۔علاوہ ازیں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس کو عالمگیر وبا قرار دے دیا۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ادھانوم گھیبریوسس نے جنیوا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے ماضی میں ایسی عالمگیر وبا نہیں دیکھی جیسی کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پھیلی ہے تاہم ایسی عالمگیر وبا بھی نہیں دیکھی جسے قابو بھی کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد اور اموات میں اضافے کی توقع ہے۔عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور شدت پر گہری تشویش ہے،کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی ریسپانس بڑھا دیں، تمام ممالک اپنے اسپتال تیار رکھیں، تمام ممالک اپنے ہیلتھ ورکرز کو ٹریننگ دیں۔عالمی ادارہ صحت نے ہدایات جاری کی ہیں کہ کورناوائرس کے ہر مریض کا علاج کریں، کورونا وائرس سے متاثر شخص سے رابطے میں رہنیوالیہر شخص کا پتہ چلائیں، کورونا صرف عوامی صحت کا بحران نہیں، ہر شبعے کو متاثر کرے گا۔ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ ہر سیکٹر اور ہر فرد کو کورونا وائرس سے نمٹنے میں حصہ لینا چاہیے، اب تک 81 ملکوں میں کورونا وائرس رپورٹ نہیں ہوا، کورونا وائرس کے 90فیصد کیس صرف 4 ملکوں میں ہیں، 57 ملکوں میں 10 یا اس سے کم کیس رپورٹ ہوئے ، اب تک 121 ملکوں میں کورونا وائرس کے 1لاکھ 18ہزار کیس رپورٹ ہوئے، چین اور جنوبی کوریا میں کورونا کیس میں تیزی سے کمی آرہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے