English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فلسطینی شہید‘ 115 زخمی

القمر

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج نے نابلس کے جنوبی قصبے بیتا میں جبل عرمہ پر پُرامن مظاہرین پر ہلہ بول دیا، جس میں 15 سالہ نوجوان صہیونی اہل کاروں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر شہید ہوگیا جبکہ 115 دیگر زخمی ہو گئے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق محمد حمایل کو جبل عرمہ پر ہونے والی ریلی میں سر پر گولی لگی تھی جس کے باعث وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ قابض اسرائیلی فوجیوں نے پہاڑی پر موجود فلسطینیوں پرربڑ کے خول میں لپٹی دھاتی گولیاں برسا ئیں اور اس کے علاوہ ڈرون کے ذریعے آنسو گیس کے گولے بھی پھینکے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں جنوبی نابلس کے مقامی باشندوں نے یہودی آباد کاروں اور صہیونی فوجیوں کی بار بار جبل عرمہ پر قبضہ کرنے اور یہودی مقام کے طور پر اس کا دعویٰ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنا دیا ہے۔ علاوہ ازیں قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں دوما کے مقام پر ایک فلسطینی خاندان کا مکان مسمار کر دیا جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت تمام افراد سخت سردی میں کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل اسرائیلی فوج نے فضل ابو علیا نامی ایک فلسطینی شہری کا مکان غیر قانونی قرار دے کر مسمار کر دیا تھا، جس کے نتیجے میں بچے اور دیگر افراد کھلے آسمان تلے آگئے تھے۔ دریں اثنا اسرائیلی آبادکار نے رام اللہ کے شمال میں ترمس ایا گاؤں میں 2 فلسطینی بچوں پر تشدد کے بعد انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی۔
نابلس: جبل عرمہ پر اسرائیلی فوج کے حملے سے صورت حال کشیدہ ہے‘ زخمی فلسطینی نوجوانوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے