English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

علما ئے کرام کیخلاف قائم مقدمات واپس لیے جائیں ،مولانا لیاقت بلوچ

القمر

گوادر (نمائندہ جسارت) یہ وقت ملک اور عوام کو عالمی وبا کورونا کی تباہ کاریوں سے بچانا ہے۔ جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمن اور دیگر علما کرام پر مقدمہ کا اندراج قابل افسوس ہے۔ علما کرام پر مقدمے کے اندراج کے بعد اشتعال پایا جاتا ہے۔ ضلعی انتظامیہ دور اندیشی کا مظاہرہ کرکے مقدمہ واپس لے۔ جماعت اسلامی کی فلاحی تنظیم الخدمت فائونڈیشن عالمی وبا کورونا سے بچائو کی مہم چلا رہی ہے اور لاک ڈائون سے متاثرہ مستحق افراد کی امید کی کرن بن رہی ہے۔ ہم آہنگی کی فضا پیدا کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ ان خیالا ت کا اظہار جماعت اسلامی ضلع گوادر کے امیر مولانا لیاقت بلوچ اور تحصیل نائب امیر شکیل کے ڈی نے پریس کلب گوادر میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ سر بندن میں نماز اجتماع کی پابندی کیخلاف ضلعی انتظامیہ کے حکم پر پولیس نے علما دین پر پرچا کاٹ لیا ہے، جس میں جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمن کا نام بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت کسی بھی تنازع میں الجھنے کا نہیں، عالمی وبا کورونا کی تباہ کاریوں سے انسانیت کو بچانے کا ہے، جہاں تک نماز جمعہ کے اجتماعات کو منعقد کرنے کا سوال ہے اس کا تدارک علمائے دین یا مساجد کے خطیب نہیں کرسکتے بلکہ ضلعی انتظامیہ کو اس حوالے سے نمازیوں کو خود روکنا چاہیے، یا تمام مساجد کے سامنے نوٹس یا بینرز آویزاں کریں، مسجد میں داخل ہونے کے بعد نمازیوں کو باہر نکالا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ علمائے کرام اور جماعت اسلامی کے اہم رہنما کیخلاف مقدمے کے اندراج کے بعد عوامی سطح پر اشتعال پایا جاتا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ اس بحرانی کیفیت میں حالات خراب ہونے کا کسی کو بھی فائدہ نہیں پہنچ سکتا۔ انہوں نے جماعت اسلامی کی فلاحی تنظیم الخدمت فائونڈیشن کے ریلیف مہم کا بھی تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا وبا پھیلنے کے بعد الخدمت فائونڈیشن نے ملک بھر کی طرح گوادر میں بھی اپنی رضاکارانہ مدد پہنچائی۔ شہریوں کو کورونا وبا سے بچائو کے لیے بھرپور مہم چلانے کے علاوہ شہریوں میں ماسک اور محکمہ صحت کو حفاظتی کٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ لاک ڈائون سے متاثرہ مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کیے گئے اور مزدور پیشہ اشخاص کو کھانا بھی کھلایا گیا۔ الخدمت فائونڈیشن نے گوادر کے علاوہ جیونی اور دیگر نواحی علاقوں میں بھی اپنی امدادی سرگرمیاں اور کورونا وبا سے بچائو کی مہم جاری رکھی ہے اور جن علاقوں میں الخدمت کے رضاکار نہیں پہنچے ہیں اس کے لیے بھی حکمت عملی طے کی گئی ہے جبکہ سفید پوش افراد کو بھی مدد فراہم کریں گے۔ انہو ں نے مطالبہ کیا کہ مولانا ہدایت الرحمن اور دیگر علمائے دین کیخلاف قائم مقدمہ فوری طور پر ختم کیا جائے، جماعت اسلامی مصیبت کی اس گھڑی میں دکھی انسانیت کی مدد کے لیے ہر طبقہ فکر کے ساتھ تعاون کی پیشکش کرتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے