شکارپور، جیکب آباد، ٹنڈوالٰہیار، سکھر، لاڑکانہ (نمائندگان جسارت) احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں میں امدادی رقم کی تقسیم گزشتہ روز سے شروع ہوگئی، احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت مستحقین کے لیے گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 2 میں سینٹر قائم کیا گیا ہے، امدادی رقوم کی تقسیم میڈم آسیہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر احساس پروگرام کی نگرانی میں ایم سی بی بینک اور کمیونیکیشن کے عملے نے فرائض سر انجام دیے۔ سینٹر پر ایس ایس پی کامران نواز پنجوتھا کی سربراہی میں پولیس اور رینجرز سمیت لیڈیز پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔ اس موقع پر میڈم آسیہ نے کہا کہ ڈسٹرکٹ شکارپور کی چار تحصیلوں میں 56 ہزار مستحق خاندان رجسٹرڈ ہیں، ہر مستحق خاندان کو بائیو میٹرک تصدیق کے بعد 12000 روپے کی امدادی رقم دی جارہی ہے، 1250 مستحق افراد میں ایک کروڑ پچاس لاکھ روپے کا کیش دیا گیا۔ جیکب آباد ضلع میں 36 احساس کیش پروگرام کے سینٹر قائم، مستحقین کے کٹوتی اور کئی سینٹر کے بند ہونے کی شکایات۔ جیکب آباد میں وفاقی حکومت کی جانب سے لاک ڈائون کے متاثرہ افراد کی فوری مدد کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع میں 36 سینٹر قائم کیے گئے ہیں۔ اے ڈی سی حاجن اجن کے مطابق ایچ بی ایل کے ایجنٹس کی کمی کی وجہ سے 92 میں سے کم کرکے ضلع جیکب آباد میں 36 سینٹر قائم کیے گئے ہیں۔ گلاب ماچھی محلے کے فقیر بابو منجھو نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ احساس سینٹر والے 12000 میں سے پانچ سو سے لے کر ایک ہزار تک کٹوتی کررہے ہیں جو زیادتی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم احساس پروگرام کے قائم کیے گئے سینٹر میں کورونا سے بچائو کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔ مستحق خواتین کے بچوں کو گود میں اٹھائے ہجوم کی صورت میں سینٹر پر جمع ہوگئی ہیں، ضروری فاصلے کا بھی اس حوالے سے کوئی خیال نہیں کیا گیا خواتین شدید دھوپ میں اپنی باری کا انتظار کرنے میں مصروف ہیں۔ سینٹر پر ٹینٹ لگائے گئے ہیں، نہ ہی پانی کا بندوبست کیا گیا ہے۔ میرپور برڑو کے گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول سمیت دیگر علاقوں میں وزیر اعظم احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے سینٹر بند ہونے کی شکایات ملی ہیں، جس کے باعث متعدد علاقوں کے افراد اس پروگرام سے استفادہ کرنے سے محروم ہیں۔ ٹنڈوالہٰیار شہر اور احساس پروگرم سینٹر پر احتیاطی تدابیر نظر انداز، عمل کرانے میں انتظامیہ بھی ناکام، کورونا کے پھیلائو کے خطرات منڈلانے لگے۔ احساس سینٹر پر ہزاروں مرد و خواتین کا رش، شہری حلقوں میں تشویش۔ ٹنڈوالہٰیار شہر میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات نا کام ہوتے نظر آرہے ہیں۔ شہر میں موٹر سائیکل پر ڈبل اور ٹرپل سواری، ٹولیوں کی صورت میں افراد کا گھومنا اور بیٹھنا، چنگ چی رکشوں میں تعداد سے زیادہ سواری کے ہونے کے باوجود پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ میڈیکل اسٹور، دودھ کی دکانیں، سبزی و کریانہ کی دکانوں پر بھی سماجی فاصلے نظر انداز کردیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ راشن کی تقسیم اور وزیر اعظم کے احساس پروگرام کے پیسے لینے کے لیے مستحق افراد نے بھی گورنمنٹ کے اقدامات کو بھی خاطر میں نہ لاتے ہوئے سماجی فاصلے، منہ پر ماسک اور سینی ٹائزر جیسے حفاظتی اقدامات بھی نظر انداز ہوتے ہوئے دکھائی دیے اور وہاں پر موجود پولیس اہلکار احتیاطی تدابیر پر عمل کرانے میں بے بس نظر آئے، جس کی وجہ سے ٹنڈوالہٰیار ضلع میں کورونا وائرس کے پھیلائو کے خدشات مزید بڑھ سکتے ہیں۔ سکھر میں احساس کفالت پروگرام کے تحت مستحقین میں رقم کی تقسیم کا عمل شروع، مراکز پر خواتین کا رش لگ گیا، لاک ڈائون کی خلاف ورزیاں بھی ہونے لگیں، پولیس نے خواتین سے رقم دلانے کے بہانے پیسے بٹورنے والے چار ملزمان گرفتار کرلیے، مقدمات درج، ملزمان کے قبضے سے خواتین سے لی گئی رقم بھی برآمد۔ سکھر میں احساس کفالت پروگرام کے تحت مستحق خواتین میں بارہ ہزار روپے کی رقم تقسیم کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور ضلع بھر میں اس عمل کے لیے 61 سے زائد مراکز قائم کردیے گئے ہیں۔ یہ مراکز سکھر، نیو سکھر، روہڑی، پنو عاقل اور صالح پٹ کی تحصیلوں میں قائم کیے گئے ہیں جہاں پر ہزاروں خواتین کا رش لگا ہوا ہے اور سیکڑوں کی تعداد میں خواتین ہاتھوں میں شناختی کارڈز لیے مراکز کے اندر اور باہر موجود ہیں۔ تاہم مراکز پر رش کے باعث لاک ڈائون کی خلاف ورزی بھی کی جارہی ہے تو ان مراکز پر آنے والی خواتین یا عملے کے افراد نے کورونا سے بچنے کے لیے کوئی احتیاطی تدابیر بھی اختیار نہیں کر رکھی ہیں۔ دوسری جانب مراکز پر خواتین سے رقم دلانے کے بہانے پیسے بٹورنے والے گروہ بھی سرگرم ہوگئے ہیں۔ ایس ایس پی سکھر عرفان سموں نے ایک اطلاع پر پنو عاقل تحصیل کے علاقے بائیجی شریف میں قائم ایک مرکز پر چھاپا مارکر وہاں پر فی کس خواتین سے 3 سو 5 سو روپے بٹورنے والے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے اور ان کیخلاف متعلقہ تھانے پر دو الگ الگ مقدمات درج کرلیے ہیں۔ ایس ایس پی کے مطابق چاروں ملزمان کا تعلق وہاں پر متعین کیے گئے، عملے سے ہے اور ملزمان کے قبضے سے خواتین سے رشوت کے طور پر لیے گئے اسی ہزار روپے بھی برآمد کرلیے گئے ہیں۔ لاڑکانہ میں بھی وفاقی حکومت کے احساس کفالت پروگرام کے تحت مستحق خواتین کو 12 ہزار کے وظیفے کی ادائیگی شروع ہوگئی، ونگ کمانڈر رینجرز کا احساس کفالت سینٹر رتویرو کا دورہ، انتظامات کا جائزہ لیا۔ کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں لاک ڈائون کو 15 روز گزر جانے کے بعد وفاقی حکومت کے اعلان کردہ احساس کفالت پروگرام کے تحت رتوڈیرو سینٹر پر آج سے مستحق خواتین میں 12 ہزار روپے کی ادائیگیوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، تاہم رینجرز اور پولیس کی جانب سے خواتین کی محفوظ فاصلے سے صف بندی کروائی گئی اور رقم کی تقسیم میں نظم و ضبط کی صورتحال پر قابو رکھا گیا جبکہ ونگ کمانڈر رینجرز کرنل محمود نے رتوڈیرو احساس سینٹر کا دورہ بھی کیا اور انتظامت کا جائزہ لیا جبکہ وظیفہ حاصل کرنے والے خاندانوں کی جانب سے وفاقی حکومت کے اقدامات کو بھی سراہا گیا۔
اندرون سندھ احساس پروگرام کے تحت مستحقین میں امدادی رقوم کی تقسیم شروع
القمر
