English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

گولارچی،سرکاری راشن کی تقسیم ،انتظامیہ اور یونین کونسل میں تنازع

القمر

گولارچی ( نمائندہ جسارت) سرکاری راشن کی تقسیم کے معاملے پر انتظامیہ اور یونین کونسل چیئرمینوں کے درمیان ٹھن گئی۔ اس سلسلے میں ضلع بھر کی متعدد یونین کونسلوں کے چیئرمین اپنی حکومت کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے اور سرکاری راشن کی تقسیم کے لیے بنائی گئی کمیٹیوں سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ۔اس ضمن میں گولارچی میں یونین کونسل احمد راجو، کھورواہ،احمد شاہ گراری، کھورواہ چوک کے چیئرمینوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بیس ہزار آبادی والی یونین کونسل میں صرف 88 راشن بیگ دے رہی ہے جو انتہائی کم اور ظلم ہے انتظامیہ نے انہیں پہلے سروے کرکے 390 مستحقین فی یونین کونسل نام دینے کو کہا تھا جسے اب صرف 88 کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو امداد دینے کا اعلان کیا گیا ہے وہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے مصداق بھی نہیں اور اسے تقسیم کرکے وہ عوام کو لڑانا نہیں چاہتے۔ پریس کانفرنس کرنے والے چیئرمین چودھری ولایت لک، نوید میمن، حاجی ثنا اللہ جت، رسول بخش نوحانی،غلام مصطفی لونداور غلام رسول جت و دیگر نے خود کو حکومتی سروے کمیٹیوں سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے راشن کی تقسیم کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نہ تو اتنی کم امداد لیں گے اور نہ ہی تقسیم کی جائے گی۔ دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر گولارچی ذوالفقار نظامانی نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ضلع انتظامیہ کو سندھ حکومت کی جانب سے دو کروڑ ملے ہیں جسے مساوی تقسیم کیا جارہا ہے جبکہ پہلے مرحلے میں شہری علاقوں میں امداد دی جائے گی اور دوسرے مرحلے میں دیہی علاقے آئیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے