میرپورخاص(بیورو رپورٹ)جماعت اسلامی سندھ کے امیر سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ مصنوعی بحران پیدا کرکے عوام کو دہرے عذاب میں مبتلا کرنے والے منافع خور اللہ کے عذاب سے ڈریں ،پوری قوم چینی اور آٹا اسکینڈل میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں دیکھنے کے منتظر ہیں۔ طویل لاک ڈاؤن سے مسائل پیدا ہورہے ہیں اس لیے حکومت پابندی کی بہتر حکمت عملی کو اپناتے ہوئے نرمی کا ماحول پیدا کرے تاکہ غریب لوگوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوسکیں۔ کورونا مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز ہمارے ہیروز ہیں فرنٹ لائن پر کردار ادا کرنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو سپورٹ کرنا حکومت سمیت ہر شہری کا اخلاقی اور قومی فریضہ ہے ،کورونا وائرس سے لوگ گھروں تک محدود ہوگئے ہیں مگر الخدمت اور جماعت اسلامی کے رضاکار کورونا وائرس شروع ہونے کے پہلے روز سے ہی عوام کے درمیان ہیں اور لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کی امداد میں مصروف عمل ہیں۔ وہ ہفتے کو میرپورخاص قرنطینہ سینٹر میں کام کرنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو حفاظتی کٹس اور پیما کی جانب سے ریفریجریٹر مہیا کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈاکٹر مشتا ق شاہ، سول سرجن سول اسپتال میرپورخاص ڈاکٹر ہر چند را ئے اور کورو نا فو کل پر سن ڈاکٹر دلبر مری، امیر جماعت اسلامی میرپورخاص حاجی نور الٰہی مغل، میر پو ر خاص پریس کلب کے صدر را شد سلیم،پیما میرپورخاص کے صدر ڈاکٹر شوکت ملک، ڈاکٹر نارائن جگانی، زاہدالرحمن ،شکیل احمد فہیم، جماعت سندھ کے سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، جنرل سیکرٹری عاصم شیخ، الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر نادر خان، قیم ضلع سلمان خالد و دیگر بھی موجود تھے۔محمد حسین محنتی نے کہا کہ اس وقت تک الخدمت فاؤنڈیشن نے سندھ سمیت ملک بھر میں 60 کروڑ سے زاید مالیت کا راشن و دیگر ضروری سامان مستحق افراد تک پہنچایا ہے جبکہ الخدمت سمیت دیگر فلاحی ادارے تو حسب حال کام کر ہی رہے ہیں مگر حکومت کا متبادل نہیں ہوسکتے اس لیے حکومت کو اپنی ذمے داری کو ادا کرتے ہوئے مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرہ افراد کی داد رسی اور حقیقی مستحق افراد تک امداد کی رسائی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ اچھے دن آئیں گے اور ہمیں اس بیماری سے نجات ملے گی اور پاکستان خوشحال ہوگا درحقیقت ہم اللہ کو بھول گئے ہیں ماضی میں بھی آنے والی آفات کو اللہ نے ہی ٹالا ہے ہم زندہ قوم ہیں اللہ سے رجوع کرنے پر ہی مسائل سے نجات حاصل ہوگی۔
عوام آٹا چینی اسکینڈل کے ملزمان کو کٹہرے میں دیکھنا چاہتے ہیں، حسین محنتی
القمر
