حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی خصوصی ہدایت پر کورونا وائرس سے بچائو کے لیے جماعت اسلامی کے کارکنان اور الخدمت کے رضا کاروں کیجانب سے روزانہ کی بنیا د پر ضلع کے مختلف مقامات پر جراثیم کش اسپرے کیا جا رہا ہے۔ سرپرست الخدمت فائونڈیشن ضلع حیدرآباد امیر جماعت اسلامی حافظ طاہر مجید نے امدادی سرگرمیوں میں مصروف کارکنوں اورذمے داران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کے رضا کار ضرورت مندوں کو امداد فراہم کررہے ہیں ۔موجودہ حالات میں الخدمت اور جماعت اسلامی کے کارکنان و ذمہ داران صرف رضائے الٰہی کے حصول کے جذبے کے تحت خلق خدا کی خدمت میں مصروف ہیں۔ الخدمت اپنے دستیاب وسائل اور اہل خیر کے تعاون سے ضرورت مندوں کو راشن اور کھانا فراہم کر رہی ہے،ہماری ترجیح ہے کہ مزدورطبقے اور دیہاڑی داروں کو پہلے کھانا اور غذائی اجناس فراہم کی جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ذمے داری ہے کہ وہ صرف زبانی جمع خرچ اور اعلانات ہی نہ کریں بلکہ ضرورت مندوں کو فوری ا مداد فراہم کریں۔ ہم مسلم اور غیر مسلم میں فرق کیے بغیر لوگوں کی مدد کر رہے ہیں اور شہر بھر میں بڑے پیمانے پر اسپرے بھی کیا جا رہا ہے جن میں مساجد کے ساتھ ساتھ چرچز اور مندر بھی شامل ہیں۔ الخدمت حیدرآبادہی نہیں پورے ملک میں خدمت اور دیانت کا نشان بن چکی ہے اور امداد اصل حقداروں اور مستحقین تک پوری ذمے داری کے ساتھ پہنچائی جارہی ہے۔ ان حالات میں ہمیں خود بھی اور دوسروں کو بھی رجوع الیٰ اللہ اور توبہ و استغفار کی طرف راغب کرنا ہے‘ یہ آفت اللہ تعالی کی طرف سے ایک تنبیہ ہے اور دنیا بھر کی ساری بڑی طاقتیں اور ترقی یافتہ ممالک اپنی تمام تر ٹیکنا لوجی اور صلاحیتوں کے باوجود بے بس نظر آتے ہیں۔ اب تک ہزاروں گھرانوں میں خشک راشن تقسیم کیا جا چکا ہے،روزانہ تازہ سبزی اور پکا ہوا کھانا دیا جا رہا ہے، ماسک کے علاوہ بڑی تعداد میں صابن اور سینیٹائزر بھی تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
حکومت محض اعلانات کے بجائے مستحقین کی مدد بھی کرے،حافظ طاہر مجید
القمر
