English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بھارتی حکمران ،نفرت کا وائرس پھیلارہے ہیں،اپوزیشن

القمر

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں اپوزیشن جماعت کانگریس پارٹی نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے حوالے سے مودی حکومت کے اقدامات پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نفرت و تعصب کا وائرس پھیلانے میں مصروف ہے ۔ کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی نے پارٹی کے اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ورکنگ کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے مذہبی بنیادپر تعصب و نفرت پھیلانے کی جو مہم جاری ہے اس سے ہر بھارتی فکر مند ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ایسے وقت جب ہم سب کو متحد ہوکر کورونا وائرس کے خلاف لڑنا چاہیے ، بی جے پی مذہبی تعصب اور نفرت کا وائرس پھیلانے میں مصروف ہے ، جس سے ملک کی سماجی ہم آہنگی کو زبردست نقصان پہنچایا جا رہا ہے اوراس نقصان کی تلافی کے لیے ہمیں بہت محنت کرنی ہوگی۔ بھارت میں انتہا پسند ہندو تنظیمیں اور بی جے پی کا ایک حلقہ کورونا وائرس کی وبا کے لیے بھارتی مسلمانوں کو ذمے دار ٹھہرانے کی کوشش کررہا ہے۔ بی جے پی کے بعض رہنماؤں کے اشتعال انگیز بیانات کے نتیجے میں کئی علاقوں میں کشیدگی میں اضافہ ہو چکا ہے۔ دوسری جانب بھارتی اخبار کے مطابق 51 سالہ شہری نے آن لائن آرڈر کے ذریعے سبزی منگوائی اور جب پتا چلا کہ سامان پہنچانے والا لڑکا مسلمان ہے ، تو انہوں نے وصول کرنے سے نہ صرف انکار کردیا بلکہ اسلام دشمنی پر مبنی وڈیو پیغام بھی جاری کیا، جس پر اسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں بھارت میں رواں برس کے ابتدائی 3 ماہ میں مسیحیوں اور ان کی عبادت گاہوں پرہونے والے پرتشدد حملوں کی تعداد میں حیرت انگیز طور پر اضافہ ہوا ہے۔ یونائٹیڈ کرسچین فورم ان انڈیا کے مطابق جنوری اور مارچ 2020ء کے درمیان مسیحیوں پر تشدد کے 78 واقعات پیش آئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے