اسلام آباد (جسارت نیوز) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کی طرف سے 13 ویں سائوتھ ایشین گیمز میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ جمعہ کو وزات بین الصوبائی رابطہ میں ہونے والی سادہ تقریب میں گزشتہ سال نیپال کی میزبانی میں ہونے والے مقابلوں میں شریک 11کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے چیک کی تقسیم2 مراحل میں کی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزارت کھیل میں جیتنے والے کھلاڑیوں کیلئے قومی سطح پر تقریب کا انعقاد چاہتی تھی مگر کورونا وائرس کی وجہ سے درپیش حالات کے پیش نظر تقریب کا انعقاد نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کھلاڑیوں کے مسائل سے آگاہ ہے، ہمارے کھلاڑیوں نے ہمیشہ ملک کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ صوبے کھلاڑیوں کے معیار کی بہتری اور کھلاڑیوں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت معاشی طور پر کھلاڑیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سائوتھ ایشین گیمز میں کھلاڑیوں سمیت پورا پاکستانی دستہ، ا سٹاف اور چیف ڈی مشن اکبر درانی نے بھی بہترین خدمات سر انجام دیں۔ انعام حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں اسکواش کے طیب اسلم اور فرحان محبوب سمیت دیگر کھلاڑی بھی شامل تھے۔ انعامات کی تقسیم کے موقع پر پاکستان ا سکواش فیڈ ریشن اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے حکومت کو کھلاڑیوں کی بہتری کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی بہتری کیلئے حکومت کا تعاون ناگزیر ہے، فیڈریشنز کے سیکٹریز نے حکومت سے مالی مسائل کے حل کیلئے تعاون کی درخواست بھی کی۔ سائوتھ ایشین گیمز گزشتہ سال نیپال کی میزبانی میں منعقد ہوئے جن میں پاکستان نے کل 133میڈل جیتے جن میں 32 گولڈ، 41 سلور اور 60 برونز شامل تھے۔
کھلاڑیوں کیلئے قومی سطح پر تقریب کا انعقاد نہ ہونے پر افسوس ہے،ڈاکٹر فہمیدہ مرزا
القمر
