لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق نیب نے جنگ اور جیو گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان کے خلاف اراضی کیس میں نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے سابق وزیراعظم کو متعدد بار نیب آفس طلب کیا مگر وہ پیش نہیں ہوئے، نواز شریف کو سوالنامے بھی بھیجے گئے لیکن ان کا جواب نہیں دیا۔ لہٰذا نیب نے نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کے لیے احتساب عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ 12 مارچ 2020ء کو نیب نے 34 برس پرانے مقدمے میں جنگ و جیو گروپ کے مالک میرشکیل الرحمان کو گرفتار کرلیا تھا۔ انہیں غیر قانونی طور پر 54 کنال زمین کی خریداری سے متعلق کیس میں دوسری بار تفتیش کے لیے نیب آفس طلب کیا گیا اور شکایت کی تصدیق کے موقع پر ہی حراست میں لے لیا گیا تھا۔
نیب کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف نے 1986ء میں بطور وزیراعلیٰ غیر قانونی طور پر یہ زمین میر شکیل الرحمن کو لیز پر دی تھی۔
