کراچی کے عباسی شہید اسپتال کے ایمرجنسی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عارف میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
کراچی کے عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹر میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد اسپتال کی ایمرجنسی کو فوری طور پر بند کر دیا گیا جبکہ ایمرجنسی وارڈ میں موجود تمام عملے کو قرنطینہ کی ہدایات کردی گئیں۔
عباسی شہید اسپتال کی سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر سلمہ کوثر نے اسپتال کے سی ایم او میں کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عارف نے کل نجی اسپتال سے کورونا کا ٹیسٹ کرایا تھا، جس کےنتائج مثبت آئےہیں۔
ڈاکٹر سلمہ نے کہا کہ اسپتال کا شعبہ ایمرجنسی فوری طور پر خالی کر وا کر اسے 24 گھنٹے کے لیے بند کر دیا گیا ہے، ایمرجنسی کو ڈس انفکیشن اسپرے کرنے کے لیے بند کیا گیا ہے جبکہ دیگر طبی عملے کے 10 افراد کو بھی ٹیسٹ کے لیے بھیجا گیا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو متعلقہ وارڈ میں طبی امداد دی جائے گی۔
