English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ووہان کے اسپتالوں میں تمام کورونا مریض صحتیاب‘ سعودی شہروں میں کرفیو کا جزوی خاتمہ

القمر

بیجنگ/ ریاض/واشنگٹن/لندن/روم/پیرس/ میڈرڈ/انقرہ/نئی دہلی(خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک)عالمی وبا کورونا وائرس پھوٹنے کے مرکز چینی شہر ووہان سے کورونا وائرس مکمل طور پر ختم ہوگیا۔برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق چینی محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ووہان کے اسپتالوں میں موجود کووڈ 19 کے تمام مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور انہیں گھروں کو روانہ کردیا گیا ہے اور اب وہاں ایک بھی مریض زیر علاج نہیں۔چینی نیشنل ہیلتھ کمیشن کے ترجمان می فینگ کے مطابق 26 اپریل کی تاریخ میں ووہان شہر سے کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد صفر ہوچکی ہے، ہم ووہان کی انتظامیہ اور ملک بھر کے طبی عملے کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس وبا کے خلاف اپنا کردار ادا کیا۔ادھر سعودی عرب میں جزوی طور پر کرفیو ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق مکہ مکرمہ پر نہیں ہو گا۔سعودی وزیر داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مکہ مکرمہ کے سوا تمام شہروں میں جزوی طور پر کرفیو ختم کردیا گیا جبکہ 29 اپریل سے 13 مئی تک تمام مارکیٹیں بھی کھلی رہیں گی۔سعودی وزارت داخلہ کے مطابق کرفیو میں نرمی صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگی،اس دوران لوگ شہر کے اندر سفر کر سکیں گے، کرفیو میں نرمی کا سلسلہ 20 رمضان تک جاری رہے گا۔علاوہ ازیں ترکی میں کورنا کے مصدقہ کیسز کی تعداد کمی واقع ہونا شروع ہو گئی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترکی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداوشمار کے مطابق ملک بھرمیں گزشتہ 24گھنٹوں میں 38ہزار 308ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2ہزار 861نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی ۔ ترکی میں مصدقہ کیسز کی تعداد 1لاکھ 7ہزار 773 تک جا پہنچی جبکہ علاج معالجہ مکمل ہونے والے مریضوں کی تعداد 3 ہزار 845 کے اضافے کے ساتھ 25 ہزار 582 تک ہو گئی ۔دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے متنبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس سے بچ جانے والے افراد یہ نہ سمجھیں کہ اب وہ دوبارہ اس وائرس سے متاثر نہیں ہو سکتے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق اب تک ایسے شواہد سامنے نہیں آئے، جو ان دعووں کی تصدیق کرتے ہوں ۔ادھر ارجنٹائن کی حکومت نے ملک میں کورونا وائرس کے خلاف جاری لاک ڈاؤن میں 10مئی تک توسیع کر دی ہے، تاہم بعض شعبوں میں مشروط نرمی کا اعلان بھی کیا ہے جب کہ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ جب تک یقین نہ ہو جائے کہ کورونا پر قابوپا لیا ہے اس وقت تک کاروبار نہیں کھولیں گے۔جسٹن ٹروڈو نے فشنگ انڈسٹری کے لیے 44 ملین امریکی ڈالر سے زائد امدادی پیکج کا بھی اعلان کیا ہے۔ادھر فلسطینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم 50فلسطینی کوروناوبا کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئے جبکہ 1066فلسطینی تارکین وطن کرونا کا شکار ہوئے ۔دوسری جانب سری لنکا میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد ایک مرتبہ پھرکرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ ایک ماہ سے جاری کرفیو پیر کے روز ہٹایا گیا تھا۔سری لنکا میں جمعہ کو ایک ہی دن میں سب سے زیادہ46 کیسز سامنے آئے، حکومت نے 24 گھنٹے کا کرفیو دوبارہ نافذ کردیا ہے جبکہ لنکن بحریہ کے 30 کپتانوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔علاوہ ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چھوٹے کاروبار، ہاسپٹلس اور کووڈ۔19 کی جانچ کی تعداد بڑھانے کے لیے 484ارب ڈالر کے ریلیف بل پر دستخط کردیے۔ انہوں نے وائٹ ہاوس میں صحافیوں کو بتایاکہ چھوٹے کاروباری اداروں اور مزدوروں کے لیے یہ بڑی سوغات ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے