لاہور(جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان کے سب سے کامیاب بیٹسمین اور سابق کپتان یونس خان کو دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ تعینات کردیا۔ترجمان کے مطابق یونس خان کے علاوہ پی سی بی نے پاکستان کی جانب سے 52 ٹیسٹ میچوں میں شرکت کرنے والے سابق لیگ ا سپنر مشتاق احمد کو دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اسپن بولنگ کوچ اور مینٹور مقرر کردیا‘یہ فیصلہ ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس کو ضروری اور اہم وسائل کی فراہمی کے لیے کیا گیا ہے جو انہیں ٹیم کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں مدد کرے گا۔ترجمان نے کہاکہ دورہ انگلینڈ کے لیے اضافی کھلاڑیوں کو انگلینڈ بھیجا جارہا ہے لہٰذا ضروری ہے کہ ان کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے بہترین کوچز تعینات کیے جائیں تاکہ نوجوان کرکٹرز کے کھیل میں نکھار آسکے‘واضح رہے کہ 3 ٹیسٹ اور3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز اگست‘ستمبر میں کھیلی جائے گی‘ یونس خان نے کہا کہ میرے لیے اپنے ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں اور انگلینڈ کے ایک مشکل دورے کے لیے ایک مرتبہ پھر ملک کی نمائندگی کا موقع ملنا میرے لیے اعزاز ہے‘انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو بلندیوں کو چھونے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصباح الحق، وقار یونس، مشتاق احمد اور وہ مل کر کھلاڑیوں کی میدان کے اندر اور باہر ہر انداز میں بہترین تربیت کرنے کی کوشش کریں گے‘ یونس خان نے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی اپنے تجربے اور علم کو دوسروں تک پہنچانے میں کوئی عار محسوس نہیں کیا مگر دورہ انگلینڈ ان کے لیے ایک بہترین موقع ہوگا جہاں وہ بلے بازوں کی تکنیک بہتر بنانے، بولر کی قابلیت کو جانچنے اور ان کی ذہنی پختگی پر خصوصی توجہ دے سکیں گے‘انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز میں تکنیک کے ساتھ ساتھ تحمل مزاجی اور نظم وضبط درکار ہوتے ہیں اور اگر آپ ان 3 شعبوں میں قابل ہوجائیں تو آپ انگلینڈ ہی نہیں دنیا کے کسی بھی کونے میں مؤثر ثابت ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستان کرکٹ ٹیم اگر مؤثر ٹریننگ کرے گی تو بلاشبہ دورہ انگلینڈ میں نتائج بھی بہتر ہوں گے۔یونس خان نے 2000 سے 2017 تک محیط اپنے ٹیسٹ کیرئیر میں 118 میچوں میں 52 سے زائد کی اوسط کے ساتھ 10ہزار 99 رنز بنائے‘ سری لنکا کے خلاف کراچی میں 313 رنز کی اننگز ان کے کیرئیر کی بہترین اننگز تھی جس کی بدولت انہیں آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن ملی‘خصوصاً انگلینڈ کے خلاف یونس خان کا ریکارڈ خاصا متاثر کن ہے‘ انگلینڈ میں کھیلے جانے والے 9 ٹیسٹ میچوں کی 16 اننگز میں یونس خان نے 50 سے زائد کی اوسط کے ساتھ 810 رنز بنائے‘ اس دوران انہوں نے 2 سنچریاں3 نصف سنچریاں بنائیں جس میںاوول 2016 میں 218 اور ہیڈنگلے 2006 میں 173 رنز کی اننگز شامل ہے‘حریف ٹیم کے خلاف پاکستان میں کھیلے گئے 2 اور متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے 6 ٹیسٹ میچوں میں انہوں نے مشترکہ طور پر 616 رنز بنائے۔ چیمپئن بیٹسمین نے یہاں 2 سنچریاں اور ایک نصف سنچری بنائی‘اپنے ٹیسٹ کیرئیر میں 139 کیچز تھامنے والے یونس خان پاکستان کی تاریخ کے بہترین فیلڈر ہیں۔ دنیا کے دیگر فیلڈرز کی فہرست میں ان کا نمبر 13واں ہے‘اس کے علاوہ یونس خان نے 2007 میں انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ میں یارکشائر کی نمائندگی کی جہاں انہوں نے 13 میچوں میں 48 سے زائد کی اوسط سے 824 رنز بنائے۔
دورہ انگلینڈ یونس خان قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر
القمر
