واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں سیاہ فام شخص کے قتل کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں کے دوران ملکی تاریخ میں پہلی بار سیاہ فام جنرل کو فضائیہ کا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی سینیٹ نے متفقہ طور پر سیاہ فام افسر جنرل چارلس براؤن جونیئر کے ملکی فضائیہ کا چیف آف اسٹاف مقرر ہونے کی منظوری دے دی ہے۔ نائب صدر مائیک پنس نے جنرل چارلس کے تقرر سے متعلق رائے شماری کی صدارت کی، جس میں جنرل چارلس کو 98 ووٹ ملے جب کہ مخالفت میں کوئی ووٹ سامنے نہیں آیا۔ امریکی نائب صدر نے اسے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا۔ واضح رہے کہ جنرل چارلس کے متفقہ طور پر تقرر کے لیے یہ رائے شماری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکا میں سیاہ فام جارج فلوئیڈ کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت پر مظاہرے جاری ہیں۔ 57 سالہ جنرل چارلس براؤن ایک لڑاکا پائلٹ بھی ہیں اور وہ بحر الکاہل کے علاق میں امریکی فضائیہ کے کمانڈر کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں لڑائی میں 130 گھنٹے سمیت 2900 گھنٹے سے زائد پرواز کا تجربہ ہے۔ انہوں نے 1984ء میں کمیشن حاصل کیا اور وہ ٹیکساس ٹیکنیکل یونیورسٹی سے گریجویٹ ہیں۔ انہوں نے اسکواڈرن لیڈر اور ونگ کمانڈر سمیت کئی ذمے داریاں انجام دے رکھی ہیں جب کہ فائٹر ونگز اور فائر اسکواڈرن کی بھی سربراہی کرچکے ہیں۔
امریکا کی تاریخ میں پہلا سیاہ فام جنرل فضائیہ کا سربراہ مقرر
القمر
