کراچی(اسٹاف رپورٹر) امریکا کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آئن ہیگنس نے کہا ہے کہ وہ پرامید ہیں کہ 1994ء میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی میں امریکا کی کامیابی آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے انعقاد میں اس کی بولی میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ بیان میں آئن ہیگنس نے کہا کہ امریکا آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا 2023ء سے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹورنامنٹ کروانے والے ممالک میں شامل ہے۔ امریکا میں 1994ء میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ میں کھیلے گئے میچز ریکارڈ ساڑھے 3لاکھ سے زیادہ شائقین نے دیکھے۔ یو ایس اے کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آئن ہیگنس نے مزید کہا کہ امریکا کو 2019ء کے آغاز میں ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کی حیثیت حاصل ہوئی تھی جس کے بعد امریکی ٹیم نے دسمبر میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کو شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ مایہ ناز آل راؤنڈر لیام پلنکٹ بھی امریکا کی طرف سے کھیلنا چاہتے ہیں۔ ہیگنس نے کہا کہ امریکا اگلی دہائی میں ٹیسٹ کی حیثیت حاصل کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ایک ایسی ٹیم بنانا ہے جو مختصر مدت میں آئی سی سی کی تمام ممالک کی ٹیموں کے ساتھ مقابلہ کر سکے اور آئندہ 10 سال میں آئی سی سی کا مکمل ممبر بننا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا فلوریڈا کے لاڈرہل میں سینٹرل بروورڈ ریجنل پارک میں 6 ون ڈے اور 10 ٹی ٹوئنٹی میچز کی میزبانی کر چکا ہے اور اگست میں ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کے مابین 2 ٹی ٹوئنٹی میچوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ ہیگنس نے کہا کہ کھیل کے کئی دیگر شعبوں میں امریکاخود کو کرکٹ کے ٹاپ ٹیبل پر جگہ کے لائق ثابت کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو ایس اے کرکٹ آئی سی سی کو راضی کرلے گا کہ وہ امریکاکو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی دے۔
امریکا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی میزبانی کا خواہشمند
القمر
