English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

نیپال ،سرحد پر جھڑپ ،بھارتی ہلاک،2 زخمی

القمر

کٹھ منڈو/ نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت کی ریاست بہار میں سرحد پر نیپالی پولیس کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور 2زخمی ہوگئے۔ ضلع سیتامڑھی کے پولیس ایس پی انیل کمار نے بتایا کہ سیتامڑھی کے علاقے سونبرسا میں بھارتی جانب جانکی نگر اور نیپالی جانب نارائن پور کے درمیان جمعہ کی صبح فائرنگ کا یہ واقعہ پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت کی مقامی آبادی اور نیپال پولیس کے درمیان جھڑپ فائرنگ کی وجہ بنی۔ زخمیوں کا علاج جاری ہے اور دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ تاہم انہوں نے اس جھڑپ کی وجہ واضح نہیں کی۔ نیپال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نیپالی سیکورٹی فورس نے اس وقت گولیاں چلائیں جب کچھ بھارتی شہریوں نے نیپال میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کی۔ نیپالی ضلع سپتاری کے اعلیٰ اہل کار شنکر ہری آچاریہ کا کہنا ہے کہ یہ اسمگلر تھے، جو پہلے کم اور پھر بڑی تعداد میں آئے۔ تاہم ہلاک ہونے والے شخص ویکیش رائے کے والد ناگیشور رائے نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ سرحد کے قریب واقع کھیت پر صبح 5، 6لوگ کام کرنے گئے تھے۔ نیپالی پولیس اہل کاروں نے انہیں کام کرنے سے منع کیا۔ اس کے بعد نیپالی پولیس نے گولی چلا دی، جس میں ویکیش رائے کو سینے پر گولی لگی اور اس کی موت ہو گئی۔ نیپالی پولیس نے 16، 17 بار گولیاں چلائیں۔ سیتامڑھی کے رکن پارلیمان سونیل کمار پنٹو نے نیپال اور بھارت کے تعلق کو روٹی بیٹی کا رشتہ کہتے ہوئے سب سے امن قائم رکھنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے سرحد کو سیل کر دیا گیا تھا۔ جمعہ کی صبح 2خاندان متنازع علاقے پر ملنے آئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے