کراچی(اسٹاف رپورٹر)کھیل کی ترقی و خوشحالی کے لیے پی سی بی نے اپنی5 سالہ حکمت عملی جاری کردی‘ ترجمان پی سی بی کے مطابق اس حکمت عملی کا مقصد پاکستان کرکٹ بورڈ کو دنیا میں ایک بلند پایہ اور معتبر کرکٹ بورڈ کے طور پر سرفراز کرنا ہے‘ بورڈ آف گورنرز اس حکمت عملی کی منظوری دے چکا ہے۔”ہماری قوم کو متاثر اور متحد کرنے کا5 سالہ منصوبہ” کے عنوان سے موجود دستاویز میں اسٹریٹجک اور کارپوریٹ مقاصد بیان کیے گئے ہیں‘ جس میں مختلف ایج گروپ پر مشتمل قومی ٹیموں کی ترقی اور نچلی سطح پر کھیل کی پذیرائی کے لیے ایک منظم ڈھانچہ اور واضح لائحہ عمل پیش کیا گیا ہے‘ ان مقاصد پر عملدرآمد کے لیے ایک جامع ٹریکنگ سسٹم متعارف کروایا جائے گا جس کے ذریعے اس کی مربوط نگرانی کو ماہانہ بنیادوں پر عمل میں لایا جائے گا‘اس حکمت عملی پر گذشتہ سال سے کام جاری ہے اوراس سلسلے میں متعدد مقاصد کے اصول میں اہم پیش رفت بھی ہوچکی ہے‘اس حکمت عملی کی تیاری میں کھیل کے اسٹیک ہولڈرز اور مداحوں کی کرکٹ سے قربت کو مرکزِز نگاہ رکھا گیا ہے‘ احتساب، شفافیت، اصولوں اور پیشہ وارنہ مہارت کا کردار کلیدی ہوگا‘ ترجمان نے مزید کہاکہ اس حکمت عملی کے 6 اہم نکات میں پائیدار کارپوریٹ گورننس کے مطابق بروقت، مؤثر حکمت عملی اور وسائل کی مختص رقم کی تائیدکی جائے گی‘بین الاقوامی معیار کی ٹیموں کی فراہمی کے حوالے سے میرٹ پرمبنی ڈومیسٹک ٹیموں اور معیاری ہائی پرفارمنس سینٹرز کے ذریعے ہماری بین الاقوامی ٹیموں کو مستقل ٹاپ پرفارمرز میں بدلا جائیگا‘گراس روٹ اور پاتھ ویز فریم ورک کے تحت نوجوانوں اور متاثرکن کھلاڑیوں کو ایک ہموار طریقے سے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لیے تعاون کرنا ہوگا‘کمرشل آمدن کے ذرائع کو بڑھانا اور مختلف اقسام میں ڈھالنا کے حوالے سے پی سی بی اور کرکٹ ایسوسی ایشنز کو استحکام دینے کے لیے اسٹریٹجک، جدید اور اہداف پر مبنی کمرشل منصوبے تیار کرناہوں گے‘عالمی دنیا میں پاکستان کا تشخص بڑھانے کے حوالے سے پاکستان سپر لیگ کی تشہیر، ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کے تسلسل اور دیگر بورڈز کے ساتھ جاری بات چیت کے سلسلے کو برقرار رکھ کر پاکستان کا تشخص بڑھایا جائے گا‘ترجمان نے کہاکہ مندرجہ بالا نکات کو ایک ایک ہدف میں تقسیم کر کے سینئر مینجمنٹ میں شامل اراکین کے حوالے کردیا گیا ہے‘ وہ اس پر عملدرآمد کے ذمے دار ہوں گے جبکہ مانیٹرنگ کے مربوط نظام کے ذریعے اس کی پیشرفت کا ماہوار جائزہ لیا جائے گا۔
پی سی بی نے نچلی سطح پر کھیل کی پذیرائی کیلئے لائحہ عمل تیار کرلیا
القمر
