صنعا (انٹرنیشنل ڈیسک) یمنی میں باغیوں کے خلاف حکومت کی معاونت کرنے والے عرب عسکری اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے النہدین اور جبل عطان کے علاوہ دارالحکومت صنعا کے جنوب اور مغرب میں کئی علاقوں میں حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں، اسلحہ کے گوداموں اور بیلسٹک میزائل داغنے کے لانچنگ پیڈز کو فضائی حملوں سے نشانہ بنایا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق عینی شاہدین نے تصدیق کی ہے کہ منگل کی صبح سنے گئے شدید دھماکوں سے دارالحکومت لرز اٹھا۔ اس دوران بم باری کے نتیجے میں کئی عمارتیں بھی تباہ ہو گئیں۔ قبل ازیں حوثی جنگجوؤں کے ٹھکانوں اور اسلحہ کے گوداموں پر بم باری کی بھی کی گئی۔ ایک روز قبل ہی عرب اتحاد نے اعلان کیا تھا کہ اس نے حوثیوں کی جانب سے سعودی صوبے عسیر کی جانب بھیجے گئے دھماکا خیز مواد سے بھرے ڈرون طیارے مار گرائے ہیں۔ دوسری جانب خلیج تعاون کونسل نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی شہروں میں آبادی پر راکٹ اور ڈرون حملوں کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کونسل کے کسی ایک رکن پر حملہ تمام خلیجی ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ جی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کونسل حوثی ملیشیا کی جانب سے کیے گئے حملوں کے تناظر میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑی ہے۔ ویب سائٹ پر جاری بیان میں کونسل کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے جنوبی علاقے خمیس مشیط پر حوثیوں کی طرف سے شہری آبادی پرحملہ کھلی دہشت گردی ہے۔
صنعا اور گردونواح میں عرب اتحاد کی بمباری‘ عمارتیں تباہ
القمر
