جوہانسبرگ(جسارت نیوز)ٹی ٹوئنٹی، سپرسکسز، ڈبل وکٹ، دی ہنڈرڈ اور ٹی 10 کے بعد کرکٹ میں ایک اور فارمیٹ کا اضافہ ہوگیا۔کرکٹ جنوبی افریقا نے تھری ٹی سی فارمیٹ، یعنی تھری ٹیم کرکٹ فارمیٹ متعارف کرادیا ہے جس میں ایک میچ دو کے بجائے تین ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، ہر ٹیم 8 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔کرکٹ ساؤتھ افریقا کے مطابق، پہلا تھری ٹی سی میچ 27 جون کو ہوگا جس میں اے بی ڈی ویلیئرز، ربادا اور کوئنٹن ڈی کاک مختلف ٹیموں کی نمائندگی کریں گے۔ میچ میں جنوبی افریقا کے 24 کرکٹرز ایکشن میں ہوں گے۔ میچ مجموعی طور پر 36 اوورز کا ہوگا جس میں 18 اوورز پہلے ہاف میں اور باقی 18 دوسرے ہاف میں ہوں گے۔ہر ٹیم8،8 پلیئرز پر مشتمل ہوگی اور 12 اوورز کی بیٹنگ کرے گی۔ 12 اوورز میں سے 6 اوورز پہلے ہاف میں ایک ٹیم کیخلاف اور باقی 6 اوورز دوسرے ہاف میں اگلی ٹیم کیخلاف ہوں گے۔ اس دوران اگر سات وکٹیں گرگئیں تو8واں کھلاڑی تنہا بیٹنگ کرے گا لیکن وہ صرف چوکے ، چھکے یا ڈبل میں رنز بنانے کا اہل ہوگا۔میچ میں شریک ٹیمیں 3 پوزیشن میں ہوں گی بیٹنگ سائیڈ، بولنگ سائیڈ اور ڈگ آؤٹ سائیڈ۔ پہلے ہاف میں ان پوزیشن کیلیے قرعہ اندازی ہوگی جب کہ دوسرے ہاف میں بیٹنگ آرڈر پہلے ہاف میں زیادہ رنز بنانے والی ٹیموں کے حساب سے ہوگا۔میچ میں گولڈ، سلور اور برانز میڈلز ہوں گے، زیادہ رنز بنانے والی ٹیم گولڈ میڈل کی حقدار ہوگی، اگر دو ٹیموں میں ٹائی ہوا تو پھر سپر اوور گولڈ کا فیصلہ کرے گا اور اگر تینوں ٹیموں میں ٹائی ہوا تو تینوں ہی ٹیمیں گولڈ کی حقدار ہوں گی۔
جنوبی افریقہ نے کرکٹ میں نئے فارمیٹ متعارف کرادیئے
القمر
