English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکا سیاہ فام کے قتل پر پولیس اہلکار کیخلاف فرد جرم عائد

القمر

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی شہر اٹلانٹا میں سفید فام پولیس اہل کار کے خلاف اقدام قتل کی فرد جرم عائد کر دی گئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق سفید فام نے گزشتہ جمعہ کے روز ایک سیاہ فام ریشارڈ بروکس کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا تھا۔ وکیل استغاثہ کے مطابق بروکس 40 منٹ پر مبنی بحث کے دوران پولیس کے لیے خطرہ نہیں تھا، لیکن اس کے باوجود پولیس اہل کار نے ضرورت سے زائد طاقت کا استعمال کیا۔ عدالتی فیصلے کے تحت پولیس اہل کار کو عمر قید یا پھر سزائے موت سنائی جا سکتی ہے۔ امریکا میں گزشتہ کئی ہفتوں سے سیاہ فام شہریوں کے ساتھ پولیس کے امتیازی سلوک کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے نسل پرستی کے نام پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، پولیس کے ظلم اور امریکا میں پُرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال پر بحث شروع کردی ہے۔ جنیوا میں یہ اجلاس امریکا میں سفید فام پولیس اہل کار کے ہاتھوں سیاہ فام شہری جارج فلوئیڈ کی موت سے پیدا صورتحال کے تناظر میں ہوا۔ فلوئیڈ کے بھائی نے وڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے ارکان سے کہا کہ آپ نے جارج فلوئیڈ کو پولیس کے ہاتھوں مرتے دیکھا ہے۔ آپ تحقیقاتی کمیشن بناکر امریکا میں نسل پرستی کی صورتحال کا نوٹس لیں۔ اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے کہا کہ آج جو مظاہرے ہورہے ہیں، یہ اس درد کو ظاہر کرتے ہیں جو کئی نسلوں نے سہا ہے، مگر اس کے باوجود کچھ تبدیل نہیں ہوا۔ یہ موقع ہے کہ تبدیلی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جارج فلوئیڈ کے لواحقین انسانی حقوق کی اس کونسل سے مدد کے طلبگار ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ امریکا میں سیاہ فاموں کو درپیش صورتحال پر عالمی تحقیقاتی کمیشن بنایا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے