واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر کے سابق مشیر برائے قومی سلامتی جان بولٹن نے انکشاف کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے آیندہ صدارتی انتخابات میں دوبارہ کام یابی کے لیے چینی صدر سے مدد مانگی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق جان بولٹن نے اپنی نئی کتاب میں لکھا ہے کہ صدر ٹرمپ قومی سلامتی کے فیصلے کرتے ہوئے اپنے سیاسی مفادات کو ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ٹرمپ اپنے اختیارات اور عہدے کو سیاست کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ بولٹن کے مطابق ٹرمپ 2019ء میں جاپان کے شہر اوساکا میں ہونے والی جی 20 ممالک کے اجلاس میں چینی صدرشی جن پنگ سے ملاقات کے دوران 2020ء میں دوبارہ منتخب ہونے کے لیے تعاون کی التجائیں کرتے رہے۔ کتاب میں مزید انکشاف کیا گیا کہ ٹرمپ ہرکسی پر شک کرتے ہیں اور انہیں اکثر صورت حال کا اندازہ ہی نہیں ہوتا۔ کئی مرتبہ وہ بنیادی حقائق بھی نہیں جانتے مثلاً ٹرمپ کے خیال میں فن لینڈ روس کا حصہ ہے اور وہ یہ بھی نہیں جانتے تھے کہ برطانیہ جوہری قوت ہے۔ دریں اثنا امریکی صدر ٹرمپ نے جان بولٹن کی کتاب کو حماقت پر مبنی اور انتہائی بیزار کن قرار دیتے ہوئے جھوٹ اور من گھڑت کہانیوں کا پلندا قرار دیا ہے۔
ٹرمپ نے دوبارہ انتخاب کیلیے چینی صدر سے مدد مانگی‘ سابق مشیر
القمر
