English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

غرب اردن کو بچانے کیلئے فلسطینی قوم سڑکوں پر آگئی

القمر

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل کی جانب سے غرب اردن کے کچھ علاقے صہیونی ریاست میں ضم کرنے کے اعلان پر فلسطینی قوم ایک بار پھر میدان میں اتر آئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق اس منصوبے کے خطرے کو دیکھتے ہوئے مسجد اقصیٰ کو نمازیوں کے لیے کھول دیا گیا اور جمعہ کے روز ہزاروں فلسطینیوں نے حرم قدسی کا رخ کیا اور وہاں نماز ادا کی۔ اس موقع پر مغربی کنارے کے مختلف شہریوں اور قصبات میں اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ کئی مقامات پر قابض فوج اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ اسرائیلی ریاست کے توسیع پسندانہ جرائم کے خلاف غزہ کی پٹی، غرب اردن اور بیت المقدس سمیت ملک کی تمام مساجد میں فجر عظیم مہم دوبارہ شروع کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔ دوسری جانب روس نے خبردار کیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے اور دیگر فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی ریاست کی عمل داری کے اعلان سے مشرق وسطیٰ میں تشدد کی خوفناک آگ بھڑک سکتی ہے۔ روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل کی طرف سے غرب اردن کے علاقوں پر خود مختاری کا اعلان تشدد اور کشیدگی کی نئی لہر شروع ہونے کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے یورپی یونین کی خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ جوزف بوریل سے ملاقات کے بعد کہا کہ یورپی یونین اور روس غرب اردن پر اسرائیلی ریاست کی خود مختاری کے خلاف متفق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں تشدد بھڑکنے سے اسرائیل سمیت تمام متعلقہ فریقوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ روسی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ غرب اردن کے اسرائیل سے الحاق کے نتیجے میں قضیہ فلسطین کے منصفانہ حل اور دو ریاستی حل کے نفاذ کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماسکو دو ریاستی فارمولے کا پر زور حامی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے