لندن (جسارت نیوز) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر ٹم برسنن نے یارکشائر کے ساتھ اپنی 19 سالہ رفاقت ختم کر دی۔ یارکشائر کلب نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آل راؤنڈر ٹم بریسنن نے کلب کے ساتھ اپنی 19 سالہ پرانی رفاقت کو ختم کر دیا ۔ ٹم بریسنن نے 2003ء میں نارتھمپٹن شائر کے خلاف یارک شائر کلب کی طرف سے کلب کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔ کلب کے ساتھ طویل رفاقت کو ختم کرنے کا مقصد کہیں اور مواقع کے حصول کے لئے روانہ ہونا ہے۔35 سالہ ٹم بریسنن نے اب تک 199 فرسٹ کلاس میچ کھیلے ہیں اور اس دوران انہوں نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 557 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بیٹنگ کے شعبے میں 6 سنچریوں کے ساتھ 6,599 رنز بنائے ہیں۔ انہوں نے 173 لسٹ اے میچوں میں نے 315 وکٹیں حاصل کیں اور 3,500 سے زیادہ رنز بنائے۔ وہ اس ٹیم کا حصہ تھے جس نے 2014ء اور 2015ء میں بیک ٹو بیک سیزن میں کاؤنٹی چیمپئن شپ ٹائٹل جیتا تھا اور 2016ء میں بریسنن نے کلب کی طرف سے سال کا بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔یارکشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کے ڈائریکٹر کرکٹ، مارٹن موکسن نے کہا ہے کہ اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت کلب میں ہر شخص ٹم کا بہت احترام کرتا ہے اور یہ مقام ٹم نے یارک شائر اور انگلینڈ کے لئے کھیلتے ہوئے اپنے کیریئر میں حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹم بریسنن نے 19 سالہ رفاقت میں بڑے فخر اور امتیاز کے ساتھ کلب کی نمائندگی کی ہے۔ میدان میں اور باہر دونوں جگہ ان کا تعاون بے مثال رہا ہے اور ہم انکے مستقبل کی ہر کامیابی کی پرامید ہیں۔ٹم بریسنن کو کل 142 ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔ اپنے قومی کیریئر کے دوران ٹم نے 2 مرتبہ ایشز سیریز میں ملک کی نمائندگی کی۔ بریسنن 2010ء کے ٹی 20 عالمی کپ کی فاتح انگلینڈ ٹیم کاحصہ تھے۔ انہوں نے انگلینڈ کی طرف سے اپنا آخری بین الاقوامی ون ڈے میچ 2015ء میں کھیلا تھا۔ٹم بریسنن نے بیان میں کہا کہ میں یارکشائر کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے مجھے بہترین 19 سالہ دور میں وہ موقع فراہم کیا جب میں اپنے کیریئر کو شروع کرنے کے لئے کم عمر تھا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ میرے اس عمل سے کم عمر کھلاڑیوں کو بھی اپنے کیریئر کو شروع کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کلب نے 2 دہائیوں کے بہترین حصے میں کاؤنٹی کی نمائندگی میرے لئے بے حد فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری یارکشائر کیپ میری سب سے قابل فخر ملکیت میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں یارکشائر کے ساتھ گزارے ہوئے اپنے وقت کے دوران تمام دوستوں کی حمایت پر ان کا بے حد شکر گزار ہوں۔ یارکشائر کیریئر کو ختم کرنے کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے ، برینسن نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ ابھی کھیل چھوڑ نہیں رہے بلکہ وہ خود کو فٹ محسوس کرتے ہیں اور ابھی مستقبل قریب میں مزید کرکٹ کھیلیں گے۔
ٹم بریسنن کی یارکشائر کے ساتھ 19 سالہ رفاقت ختم
القمر
